پنجاب بھر میں پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایات جاری

جمعہ 12 فروری 2016 12:32

فیصل آباد۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے صوبہ کے بعض شہروں میں پتنگ سازی و پتنگ بازی کی اطلاعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صوبہ بھر میں پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے والی فیکٹریوں ، تیار کنندگان اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کیلئے انعامات اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کا بھی اعلان کیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ذرائع نے بتایاکہ بعض مقامات پر پابندی کے باوجود پتنگ بازی وپتنگ سازی کی اطلاعات تشویشناک ہیں جن سے صرف نظر نہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی جی پولیس پنجاب کی جانب سے ایک سرکلر میں تمام حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں سخت لائحہ عمل اختیارکریں اور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کاسختی سے قلع قمع کردیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر آئندہ کسی جگہ پر پتنگ بازی یاپتنگ سازی کی اطلاع ملی تو کسی کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :