داعش کے جنگجو کیمیائی ہتھیار استعمال کرچکے ہیں اور وہ تھوڑی مقدار میں کلورین اور مسٹرڈ گیس تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں:سی آئی اے سربراہ کا انکشاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 12 فروری 2016 12:14

داعش کے جنگجو کیمیائی ہتھیار استعمال کرچکے ہیں اور وہ تھوڑی مقدار میں ..

واشنگٹن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 12فروری۔2016ء) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان برینن نے کہا ہے کہ داعش کے جنگجو کیمیائی ہتھیار استعمال کرچکے ہیں اور وہ تھوڑی مقدار میں کلورین اور مسٹرڈ گیس تیار کرنے کی صلاحیت سے بہرہ ور ہیں۔سی آئی اے کے سربراہ نے یہ انکشاف ایک امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

ان کا یہ مکمل انٹرویو اتوار کے روز نشر کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس داعش کے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے متعدد شواہد موجود ہیں۔انھوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ داعش گروپ ہتھیاروں کے لیے مسٹرڈ یا کلورین گیس کی تھوڑی مقدار تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسی رپورٹس ہیں کہ وہ ان کو استعمال کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جان برینن نے خبردار کیا ہے کہ داعش مالیاتی فوائد کے لیے ان ہتھیاروں کو مغرب کو برآمد کرسکتے ہیں۔

میرے خیال میں اس طرح کے امکانات ہمیشہ رہتے ہیں،اس لیے یہ ضروری ہے کہ اشیاءکی نقل وحمل کے مختلف روٹس کو بند کیا جائے اور اسمگلنگ کے راستوں کو بند کیا جائے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا برسرزمین کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے اور لیبیارٹریوں کی تلاش کے لیے امریکا کے اثاثے موجود ہیں تو مسٹر برینن نے اس کے جواب میں کہا کہ عراق اور شام میں داعش کی بیخ کنی اور اس کے بارے میں جان کاری کے لیے امریکی انٹیلی جنس پوری طرح فعال ہے۔

جان برینن کے اس انٹرویو سے دو روز قبل ہی امریکا کی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ جیمز کلیپر نے کانگریس کی ایک کمیٹی کے روبرو بیان دیتے ہوئے داعش کے بارے میں اسی قسم کے خیالات کا اظہار کیا تھا۔انھوں نے ارکان کانگریس کو بتایا تھا کہ داعش نے عراق اور شام میں سلفر مسٹرڈ سمیت زہریلے کیمیکل استعمال کیے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ایک انتہا پسند گروپ نے کیمیائی ہتھیار تیار کرکے استعمال کیے ہیں۔

اس سے پہلے 1995ءمیں ٹوکیو میں ایک سب وے پر جاپان کے ایک انتہا پسند گروپ اوم سپریم ٹرتھ نے تباہ کن سیرن گیس کا حملہ کیا تھا۔گذشتہ سال عراق کے خود مختار شمالی علاقے کردستان کے حکام نے اطلاع دی تھی کہ داعش نے اگست 2015ء میں کرد فورسز البیش المرکہ کے خلاف زہریلی گیس استعمال کی تھی۔اس سے البیش المرکہ کے 35 فوجی متاثر ہوئے تھے اور ان میں سے بعض کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جایا گیا تھا۔اس حملے کے وقت وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ داعش نے مسٹرڈ ایجنٹ استعمال کیے تھے۔

متعلقہ عنوان :