پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے تعلقات پر ہے،امریکی سفیر

جمعہ 12 فروری 2016 12:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء) پاکستان تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ پاکستان نے اندرون ملک دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے اور انتہا پسند گروہوں کونشانہ بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ،امریکہ کی فوجی امداد پاکستان کی ان کوششوں میں مدد گار ثابت ہو رہی ہے،پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کے ساتھ وابستہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انگریزی میگزین میں لکھی گئی اپنی تحریر میں کیا،امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں ممالک ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے عزم پر کاربند ہیں،ان کا کہناتھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ سٹیٹ کا کردار ادا کیا اور ملک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور انتہا پسندوں کو ختم کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے ساتھ وابستہ ہے مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی طرف سے افغانستان میں امن بحال کرنے کی افغان کوششوں کی حمایت اس ضمن میں بہت اہمیت کی حامل ہوگی،اس طرح پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک طویل سرحد ہے اور دونوں ممالک کامفاداسی میں ہے کہ دور دراز کے غیر بندوبستی علاقوں سے نمودار ہونے والے خطرات کا قلع قمع کریں ،پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کامعمول پر آنا نہ صرف ان دونوں ممالک کے لئے بلکہ اس خطے کے استحکام کیلئے بھی ضرور ی ہے ،پاکستان ایک متحرک اور ترقی کرتی ہوئی قوم کا وطن ہے ،امریکہ پاکستان میں حکومت سازی کے اداروں اور ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد دینے کے لئے پرعزم ہے،ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان آراء اور طرز فکر کا کچھ اختلاف ضرور رہے گا لیکن ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں کیونکہ ہمارے اصول اور دلچسپیاں مشترکہ ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین صلاحیتوں کا حامل ملک ہے ،امریکہ پاکستان میں تجارت اور جدت کے مواقع بڑھانے کے لئے استعداد کار میں اضافے اور غیر فوجی امداد جیسے ذرائع سے کام لے رہا ہے ،پاکستان کو اس وقت توانائی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر عالمی سطح پر پائیدار حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے ،امریکہ پاکستان میں پن بجلی کے وسائل اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کوترقی دینے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے ،حالیہ برسوں میں پاکستان اورامریکہ کے درمیان اعتماد اور اشتراک کار میں خاصہ اضافہ ہوا اس کی وجہ تعلیم، ترقی ،توانائی اور سکیورٹی جیسے کلیدی شعبوں میں بھر پور تعاون ہے،ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس خطے اور امریکہ کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کا مفاد ایک مستحکم ،خوشحال اور مضبوط جمہوری اداروں والے پاکستان سے وابستہ ہے۔

متعلقہ عنوان :