نیوٹیک تیسرے مرحلہ میں50 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گا ،تربیت حاصل کرنے والوں کیلئے وظیفہ بڑھا کر30 ہزار کیا جائے گا

جمعہ 12 فروری 2016 11:39

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فنی و پیشہ وارانہ تربیت کا قومی کمیشن(نیوٹیک) ہنر مندی کے پروگرام کے تیسرے مرحلہ میں50 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گا جبکہ تربیت حاصل کرنے والوں کیلئے وظیفہ کی رقم کوبھی25 ہزار سے بڑھا کر30 ہزار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نیوٹیک کے ایگزیکٹو ذوالفقار احمد چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تربیتی پروگرام کے پہلے دو مرحلوں کے دوارن ملک بھرکے 25 ہزار نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت فراہم کی گئی اور انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق با ہنر بنایاجاچکا ہے جبکہ پروگرام کے تیسرے مرحلے میں 50 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

ممتاز صنعتکاروں نے کہا ہے کہ اس وقت مقامی مارکیٹ ہر سال افرادی قوت میں شامل ہونے والے 1.4 فیصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کررہی ہے جبکہ پاکستان میں ہر سال3.2 فیصد نوجوان افرادی قوت میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روزگار کی فراہمی کے مواقع بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔