پاکستان سپر لیگ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7وکٹوں سے شکست دیدی

جمعہ 12 فروری 2016 00:07

پاکستان سپر لیگ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7وکٹوں ..

شارجہ(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار11فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز نے اسلا م آباد یونائیٹڈ کو 7وکٹوں سے شکست دیدی ہے ۔ شارجہ میں جاری میچ میں اسلام آباد کا آغاز اچھا نہ تھا اور شرجیل خان 2رنز بناکر پوویلین لوٹے ۔ شین واٹسن نے کوئٹہ کے باؤلرز پر چڑھائی کی تاہم وہ بھی 40رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ اسلام آباد کو کوئی بھی بلے باز بڑا سکور نہ بنا سکا اور عمران خالد 18،بلنگز 2،خالد لطیف 6،کامران غلام 9اور رسل 10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

سعید اجمل 10رنز کیساتھ نا ٹ آؤ ٹ رہے اور اسلام آباد نے کوئٹہ کو جیت کے لیے 118رنز کا ہدف دیا ۔ کوئٹہ کی جانب سے ایلیٹ نے 3،چیمہ اور بابر نے 2،2جبکہ انور علی ، نواز اور نبی نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 118رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے اوپنر لیوک رائٹ 5رنز بنا کر رسل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر انہوں نے کیون پیٹرسن کو صفر کی خفت سے دوچار کیا ۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد نے احمد شہزاد کیساتھ ملکر تیسری وکٹ کیلئے 59رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا تاہم احمد شہزاد 41رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔انکے آؤ ٹ ہونے کے بعد سرفراز نے محمد نواز کے ساتھ ٹیم کی نیا پار لگا دی ۔ کپتان 51جبکہ نواز 14رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ اسلام آباد کی جانب سے تینوں شکار آندرے رسل نے کیے ۔ اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنلز میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔