قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ و تعمیرات کااجلاس، وزارت ہاؤسنگ کے 123منصوبوں کیلئے 27ار ب 66کروڑ 36لاکھ کی منظوری

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے کیمپ آفس گوجر خان میں ٹیوب ویل کی تعمیر کے کا منصوبہ مسترد ترقیاتی منصوبوں میں تاخیرختم کرنے کیلئے درکار فنڈز کی بروقت دستیابی کیلئے وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام اگلے اجلا س میں طلب

جمعرات 11 فروری 2016 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برئے ہاؤسنگ و تعمیرات نے وزارت ہاؤسنگ کے 123منصوبوں کے لئے 27ار ب 66کروڑ 36لاکھ روپے کی منظوری دیدی ہے جبکہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے کیمپ آفس گوجر خان میں ٹیوب ویل کی تعمیر کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے ، کمیٹی نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیرختم کرنے کیلئے درکار فنڈز کی بروقت دستیابی کیلئے وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام کو اگلے اجلا س میں طلب کر لیا ہے ۔

کمیٹی کا اجلاس چیرمین حاجی محمد اکرم انصاری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی کے ارکین رجب علی خان بلوچ،صاحبزادہ فیض الحسن،غلام محمد لالی،ناصر اقبال بوسال ،طاہرہ اورنگزیب،نگہت پروین میر،فقیر شیر محمد ،ساجد نواز،مولانا امیر زمان،اقبال محمد علی ،غلام سرور خان ،کے علاوہ سیکرٹری ہاؤسنگ ڈائریکٹر جنرل پاک پی ڈبلیو ڈی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ کی جانب سے مالی سال 2015/16کیلئے پیش کئے جانے والے پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت مکمل کئے جانے والے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا وزارت کی جانب سے مجموعی طور پر 124منصوبے پیش کئے گئے جس میں 123منصوبوں کی منظوری دیدی گئی یہ تمام منصوبے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی مکمل کئے جائیں گے کمیٹی نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے آبائی ضلعے گوجر خان میں واقع سانگڑ ہاؤس میں ٹیوب ویل کے منصوبے جس کی لاگت21لاکھ 88ہزار روپے تھی کو مسترد کر دیا ہے کمیٹی نے پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں میں تاخیر پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے اس کی لاگت میں بے حد اضافہ ہوجاتا ہے جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے کمیٹی نے وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ سے کمیٹی کو بتایا کہ منصوبوں میں تاخیر کی وجہ وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے فنڈز کا بروقت اجرا نہ ہونا ہے اس سلسلے میں دونوں وزارتوں کے حکام کے ساتھ اس مسئلے پر کئی بار بات چیت کی ہے مگر مسئلہ حل نہ ہوسکا جس پر کمیٹی نے مسئلے کے حل کیلئے دونوں وزارتوں کے اعلیٰ حکام کو طلب کرنے کی ہدایت کر دی ہے کمیٹی نے وزرات ہاؤسنگ کے حکام کو ہدایت کی کہ تمام حکومتی دفاتر اور رہائشگاہوں میں مرمتی اور تعمیراتی کام کو فوری مکمل کیا جائے ۔

۔۔۔اعجاز خان