دنیا میں پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے ،سمندر پارپاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے آئندہ سال اسلام آباد میں سمند رپارپاکستانیوں کا کنونشن منعقدکیاجائیگا

اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیصلہ موجودہ حکومت سمندر پارپاکستانیوں کی صلاحیتوں سے ملک کی تعمیر وترقی کے لئے استفادہ کرنا چاہتی ہے، وفاقی وزیرسمندر پار پاکستانی صدرالدین راشدی کا اجلا س سے خطاب

جمعرات 11 فروری 2016 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء) اوپی ایف بورڈ آف گورنرز نے منعقدہ اپنے 130ویں اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ بیرونی دنیا میں پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے ،سمندر پارپاکستانیوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے راغب کرنے کے لئے اوپی ایف بورڈ آف گورنرز نے آئندہ سال اسلام آباد میں سمند رپارپاکستانیوں کا کنونشن منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کو اجلاس میں کہاگیاکہ مجوزہ کنونشن کے لئے دنیا بھر سے معروف سمندر پارپاکستانیوں بشمول تاجروں،مخیر حضرات،پروفیشنلز اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت جائے گی۔بورڈآف گورنرز نے بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کے مستحق خاندانوں کے لئے آئندہ مالی سال سے اوپی ایف کی مالی امداد سکیم 2لاکھ 50ہزار روپے سے بڑھاکر 3لاکھ روپے فی خاندان کرنے کی سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ نے مجوزہ سکیم کے لئے مختص بجٹ 20کروڑ روپے سالانہ سے بڑھا کر 24کروڑ روپے کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ وفاقی وزیر وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری خضرحیات خان،سیکرٹر ی خارجہ اعزاز احمد چوہدری ،منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمان خان،چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نثار محمد خان،فنانشل ایڈوائزر وزارت خزانہ ڈاکٹر علمدار حسین ملک،جوائنٹ سیکرٹری وزارت دفاع مسعود حسین اور ممتاز سمندر پارپاکستانی ممبران بشمول شیخ صلاح الدین ایم این اے،انجیئنر عثمان خان تراکئی ایم این اے،سید طیب حسین سابق ایم این اے،مسعود ایم خان (ڈنمارک)، محمداصغر قریشی(سعودی عرب)،راجہ لیاقت علی(برطانیہ)،طارق صدیقی(امریکہ)، سید قمر رضا(برطانیہ)، محمد اکرم ایوب چوہدری (برطانیہ) اور منیر احمدہنس(متحدہ عرب امارات) نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سمندر پارپاکستانیوں کی صلاحیتوں سے ملک کی تعمیر وترقی کے لئے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار اداکر رہے ہیں اس لئے وہ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس کے دوران گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :