2018کے انتخابات میں ہماری جماعت ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پرحصہ لے گی، ڈاکٹر محمد امجد

ملک بھر میں اے پی ایم ایل کے ہونے والے ورکرکنونشنز پارٹی کو ملک کی بڑی سیاسی طاقت بنانے کی تحریک کا آغاز ہیں، گفتگو

جمعرات 11 فروری 2016 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء)آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اے پی ایم ایل کے ہونے والے ورکرکنونشنز پارٹی کو ملک کی بڑی سیاسی طاقت بنانے کی تحریک کا آغاز ہیں۔2018کے انتخابات میں ہماری جماعت ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پرحصہ لے گی۔ آل پاکستان مسلم لیگ منظم اورمستحکم ہورہی ہے، ملک بھر میں تنظیم سازی اپنے آخری مراحل میں ہے،لوگ جنرل(ر)پرویز مشرف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں پنجاب اور کے پی کے سے آئے پارٹی وفود سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف کو عوام ان کی آٹھ سالہ کارکردگی کی بنا پر پسند کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

عوام جانتے ہیں کہ مختلف ادوار میں حکمران ان کے جذبات سے کھیلتے اورانہیں اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتے آئے ہیں صرف پرویز مشرف وہ شخصیت ہیں جنہوں نے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا۔

یہی وجہ ہے کہ آج ملک بھر اور بیرون ممالک سے بڑی تعداد میں عوام و خواص پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ ملک بھر کے مختلف بڑے شہروں اور برطانیہ میں عظیم الشان ورکرز کنونشنز کروا کر ثابت کرے گی کہ ملک میں تیسری بڑی سیاسی قوت ہماری ہی جماعت ہے۔انہوں نے بتایا کہ آل پاکستان مسلم لیگ 13فروری کو مرکزی پنجاب، 19فروری کو مظفرآباد، 20فروری کراچی میں سندھ کنونشن،21فروری فیڈرل کیپیٹل، 24فروری یوتھ ونگ پنجاب، 28فروری لندن، یکم مارچ مانچسٹر،8مارچ شعبہ خواتین اور12مارچ کو ساؤتھ پنجاب میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے اور بلوچستان میں ورکرز کنونشنز کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔