پاکستان اورقطرکاتجارت ،سرمایہ کاری اوردفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فرو غ پراتفاق

پاکستان میں ڈیڑھ سال سے انسداد دہشتگردی کی جاری مہم کی وجہ سے سیکیورٹی کی صورتحال میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے،وزیراعظم محمدنوازشریف،دورہ قطرکے حوالے سے دفترخارجہ کا اعلامیہ

جمعرات 11 فروری 2016 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) پاکستان اورقطرنے تجارت ،سرمایہ کاری اوردفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فرو غ پراتفاق کرتے ہوئے علاقائی اوربین الاقوامی مسائل کوپرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پرزوردیاہے،امیرقطرنے پاکستان کے ایک لاکھ سے زائد ہنرمنداورغیرہنرمندافرادکوروزگارفراہم کرنے کااعلان کیاہے جبکہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے قطر کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں توانائی ،انفراسٹرکچر، بجلی کی پیداوار اورزراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں ڈیڑھ سال سے انسداد دہشتگردی کی جاری مہم کی وجہ سے سیکیورٹی کی صورتحال میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم محمدنوازشریف کے دورہ قطرکے حوالے سے دفترخارجہ سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے امیرقطرشیخ تمیم بن حمادبن خلیفہ الثانی اور وزیراعظم ووزیرداخلہ شیخ عبداﷲ بن ناصربن خلیفہ الثانی کی دعوت پردس اورگیارہ فروری کوقطر کادورہ کیا۔

(جاری ہے)

امیرقطرنے گزشتہ سال23 اور24مارچ کو پاکستان کاتاریخی دورہ کیاتھا ایک سال سے کم عرصہ میں وزیراعظم محمدنوازشریف کی طرف سے جوابی دورہ دونوں برادرممالک کے درمیان شاندارتعلقات کاثبوت ہے وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کاوفد بھی قطرگیا جس میں وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار،وزیرپٹرولیم وقدرتی وسائل شاہدخاقان عباسی ،چیف آف ایئرسٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان وروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورسیدطارق فاطمی شامل تھے۔

وزیراعظم اور ان کے وفد کاشیخ عبداﷲ بن ناصربن خلیفہ الثانی نے ایئرپورٹ پرپرتپاک خیرمقدم کیا۔وزیراعظم کودیوان امیری پہنچنے پرگارڈآف آنرپیش کیاگیا۔امیرقطرنے وزیراعظم اوران کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔دونوں ممالک کے درمیا ن وفودکی سطح پرمذاکرات ہوئے جن کی سربراہی دونوں رہنماؤں نے کی۔جبکہ وزیراعظم محمدنوازشریف اورامیرقطر کے درمیان ون آن ون ملاقات میں بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے وسیع امورپرتبادلہ خیال کیا بات چیت کے دوران باہمی طورپرمفیداقتصادی ،تجارتی اورسرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مزیدمستحکم کرنے کیلئے کوششیں کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔دورہ قطر کے دوران صحت، ر یڈیو،ٹیلی ویژن اورتعلیمی تحقیق کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشت پردستخط کے علاوہ ایل این جی کی خریدوفروخت کے تاریخی معاہدے پربھی دستخط کئے گئے اس معاہدے کے تحت قطرکی کمپنی پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈکو2016 ء سے2031ء تک ایل این جی فروخت کریگی ۔

قطرسے ایل این جی کی درآمد سے پاکستان اورقطر کے تعلقات فروغ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔قطری بزنس ایسوسی ایشن کے ارکان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول سے فائدہ اٹھانے کیلئے کہاانہوں نے قطر کے سرمایہ کاروں سے پاکستان میں توانائی ،انفراسٹرکچر، بجلی کی پیداوار اورزراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں غیرمعمولی سطح تک بہتری آئی ہے اورایساگزشتہ ڈیڑھ سال سے انسداد دہشتگردی کی جاری مہم کی وجہ سے ممکن ہوا ہے انہوں نے کہاکہ اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہرکررہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے قابل ترجیح مقام بن چکا ہے۔قطر کے تاجروں نے وزیراعظم کی پیشکش کاخیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کی تجویز کوسراہا اورتجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھرپوردلچسپی کااظہار کیا۔

امیرقطر نے پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے قطر کی ترقی میں کردار کوسراہا۔پاکستانیوں کے قابل تحسین کردار اوروزیراعظم کی درخواست پرامیرقطرنے پاکستان کے ہنرمنداورغیرہنرمندافراد کوقطرمیں ایک لاکھ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی وزیراعظم نے قطر کو فیفاورلڈکپ 2022ء کیلئے بولی میں کامیابی پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کھیلوں کے اس میگاایونٹ کی میزبانی سے بین الاقوامی برادری میں قطر کی قدرومنزلت میں مزید اضافہ ہوگا دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کی سطح پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے فریقین نے تعاون کومزید فروغ دینے کی ضرورت پرزوردیا۔

پاکستان ایئرفورس نے جے ایف تھنڈراورسپرمشاق تربیتی طیاروں کے مظاہرے کااہتمام بھی کیا جسے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے بھی دیکھا۔وزیراعظم نوازشریف نے قطرانویسٹمنٹ اتھارٹی اورقطرایئرویزکے چیف ایگزیکٹوآفیسرز اورشاہی خاندان کے ارکان سے بھی مفیدملاقاتیں کیں ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے فرو غ کیلئے مختلف پہلوؤں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کے علاوہ فریقین نے علاقائی اوربین الاقوامی امورپربھی غورکیادونوں ممالک کے رہنماؤں نے تمام مسائل کے پائیدارمذاکراتی عمل کے ذریعے پرامن حل کی اہمیت پراتفاق کیاوزیراعظم محمدنوازشریف نے پرتپاک خیرمقدم اورشاندارمہمان نوازی پراپنے میزبانوں کاشکریہ ادا کیا انہوں نے امیرقطرکوجلددورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے امیرقطرنے شکریے کے ساتھ قبول کرلیا۔

متعلقہ عنوان :