زخمی اور مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس اہلکاروں کے لئے دفتر میں جلد ویلفیئر برانچ قائم کی جائے گی‘ ڈی آئی جی آپریشنز

تمام بڑے ہسپتالوں میں پولیس کی چوکیاں قائم ، چوکی انچارج محکمہ کے اہلکاروں کا علاج و معالجہ ذاتی دلچسپی سے کرواتے ہیں‘ ڈاکٹرحیدر اشرف

جمعرات 11 فروری 2016 22:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ بم دھماکوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہونے والے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس اہلکاروں کے لئے دفتر میں جلد ویلفیئر برانچ قائم کی جائے گی،جہاں زخمی اور بیمار ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں پولیس کی چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں جہاں چوکی انچارج ہسپتال میں آنے والے محکمہ کے اہلکاروں کا علاج و معالجہ ذاتی دلچسپی سے کرواتے ہیں ۔

جن اہلکاروں نے علاج و معالجہ اپنی جیبوں سے کروایا ہے ان کے جلد کیسز بنوا کر آئی جی آفس بھجوائے جائیں ۔

(جاری ہے)

تمام ڈویژنز میں ویلفیئر محر ر قائم کئے جائیں جو ایسے تمام ملازمین کے کیسز کا فالواپ کر یں جن کی فائلیں کسی وجہ سے رک گئی ہیں ۔روزانہ کی بنیا د پر دفتر میں آنے والے زخمی یا بیمار اہلکاروں کی ملاقات کروائی جائے تاکہ ان کو ان کا حق دلوانے کے لئے ان کی مد د کی جائے ۔

دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اور سینوں پر گولی کھانے والے اہلکار ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کے علاج معالجہ کے لئے کو شش کرنا عبادت کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں تمام برانچز کے انچارج حضرات کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے ملاقا ت کے دوران کیا ۔اس موقع پر لیگل برانچ ،اسٹیبلشمنٹ برانچ ،اسسٹنٹ ڈائر یکٹر، پی آر او برانچ ،پی ایس او ، پی اے اور ریڈ برانچ کے سرابراہان سمیت ویلفئیر آفیسر بھی موجو دتھے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایات کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ڈویژن میں شہیدوں کے اہلخانہ اور زخمی یا بیمار ہونے والے پولیس اہلکاروں سے خود جا کر ان کے گھر ملاقات کریں اور ان کو درپیش تمام مالی مشکلات دور کرنے میں معاون ثابت ہوں ۔ایک ہفتے کے اندراندرتما م ڈویژنز سے زخمی ہونے والے یا مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس اہلکاروں کی فہرستیں مرتب کی جائیں تاکہ ان کے کیسز تیا ر کر کے ترجیحی بنیادوں پر حل کروائے جائیں ۔

جو اہلکار ہسپتالوں میں داخل ہیں پولیس افسران ہسپتالوں میں جاکر ان کی عیادت کریں اور زیادہ سے زیادہ مالی امداد کریں ۔ہر ہفتے پولیس افسران سے شہدا کے اہل خانہ اور زخمی یا بیمار ہونے والے اہلکاروں کے متعلق پو چھا جائے گا اور احکامات جاری کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :