پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، آپریشن ضرب عضب ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا،ممنون حسین

ریاستی اداروں کی بحالی ،معیشت کا استحکام بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے پر منحصر ہے،صدر مملکت کا کیڈٹس کی تقریب سے خطاب

جمعرات 11 فروری 2016 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، آپریشن ضرب عضب ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا۔حکومت کی اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں ،قومی معیشت بحال ،غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ ریاستی اداروں کی بحالی ،معیشت کا استحکام بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے پر منحصر ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات آرمی، نیوی اور ایئر فورس سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوان کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی مادر وطن کی جذبے اور لگن کے ساتھ خدمت کریں اور چیلنجوں سے موثر طور پر نبردآزما ہونے کیلئے خود کو ایشوز سے آگاہ رکھیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں مسلح افواج کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں اور اس کے نتیجے میں قومی معیشت بحال ہوئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے۔

صدرمملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی اداروں کی بحالی اور معیشت کا استحکام بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے پر منحصر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت قومی ہم آہنگی کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ امن اور خوشحالی کے حصول کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دیتے ہوئے صوبائی، لسانی اور مذہبی اختلافات پیدا کرنے والے ریاست دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔

صدر مملکت نے نوجوان کیڈٹس کو تاکید کی کہ وہ دیانتداری کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمیشہ خود کو تیار رکھیں۔ انہوں نے کیڈٹس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کو ایک حقیقی پاکستانی کی طرح لسانی اور نسلی امتیازات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی مادر وطن کی خدمت کرنی چاہئے اور اپنے ملک کے مفادات کو ہمیشہ ہر چیز سے مقدم رکھیں‘‘۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کریں۔ صدر مملکت نے کیڈٹس کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ملک کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ان کے سو الات کے جوابات بھی دیئے۔