ملک کے عالمی سطح پر مثبت تشخص سے عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے میں مدد ملے گی، برانڈ پاکستان سے عالمی سطح پر استفادہ حاصل کیا جائے

وفاقی وزیراحسن اقبال کی زیر صدارت ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کا اجلاس

جمعرات 11 فروری 2016 22:14

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے عالمی سطح پر بہتر ہوتے ہوئے مثبت تشخص سے عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے میں مدد ملے گی جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ برانڈ پاکستان سے عالمی سطح پر استفادہ حاصل کیا جائے کیونکہ اب عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں تصور بڑی حد تک بدل چکا ہے۔

ہمیں ملک کے مثبت تشخص سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی و ترقی اور اصلاحات کی ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اشتہاری ایجنسیوں کو برانڈ پاکستان کو متعارف کروانے کیلئے حکومت کی معاونت کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

اب وقت ہے کہ مثبت سوچ اپنائیں اور اس کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اب دنیا پاکستان کو محفوظ سمجھتی ہے جہاں پر سرمایہ کار متوجہ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پا کستان کے حوالے سے مثبت سوچ ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برانڈ پاکستان سے ملک کے بارے میں اچھا تاثر ابھرے گا اور اس سے ملک میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وژن 2025ء کو پائیدار اور مستحکم ترقی کیلئے مرتب کیا گیا ہے اور اس سے 200 ملین سے زائد افراد کی آبادی والے ملک کو نالج اکانومی بنانے میں مدد ملے گی جو پائیدار ترقی کا پہلا زینہ ثابت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :