قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کا اجلاس،

آئندہ مالی سال 2016-17ء کیلئے وزارت کی بجٹ تجاویز اور ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 11 فروری 2016 22:12

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین کمیٹی ملک شاکر بشیر اعوان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال 2016-17ء کیلئے وزارت کی بجٹ تجاویز اور ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے سیکرٹری نے آئندہ بجٹ میں وزارت کی جانب سے بھیجی جانے والی سفارشات کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے وزارت نے 75 منصوبوں کیلئے 8157.516 ملین روپے کے ترقیاتی فنڈ مانگے ہیں۔ اجلاس کے دوران شعبہ جاتی بنیادوں پر بجٹ تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزارت نے پہلے سے جاری 20، نئے منظور شدہ 17 جبکہ 38 غیر منظور شدہ منصوبوں کیلئے فنڈز کی تجاویز دی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے تفصیلی جائزہ کے بعد بجٹ تجاویز کی متفقہ منظوری دی ہے۔

کمیٹی کو کچن گارڈننگ، زیتون کی کاشت کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی کوبتایا گیاکہ پوٹھوہار، چارسدہ، بالائی بلوچستان کے پی کے اور فاٹا کے علاقوں میں زیتون کی کامیاب کاشتکاری کی جا رہی ہے اور اس کی کاشت میں اضافہ کے حوالے سے کمیٹی ان علاقوں کا دورہ کرنے کی تجاویز دے سکتی ہے۔ سرکاری شعبہ کے تر قیاتی منصوبے جو آئندہ بجٹ کیلئے پیش کئے گئے ہیں ان پر بھی اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا اور کمیٹی نے جانوروں کی منہ کھر کی بیماری کے تدارک، ڈیری کے شعبہ کی ترقی کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی سفارش کی۔

ذیلی کمیٹی نے یوکرین سے غیر معیاری گندم کی درآمد کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد، چوہدری افتخار نذیر، طاہر اقبال چوہدری، سید علیس نوری، راؤ اجمل خان، سید افتخار الحسن، مس شہناز سلیم ملک، خالدہ منصور، جنید اکبر، محمد سلمان خان بلوچ اور ڈاکٹر فوزیہ حمید کے علاوہ وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :