پاکستان میں سیکورٹی حالات بہت خراب تھے، بہترہورہے ہیں ،ڈاکٹر جم یونگ

پاکستان معاشی ترقی کے اہم دور سے گزر رہا ہے، آنے والا دور ڈیجیٹل اکانومی کا ہے ،پاکستان کو اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا،صدر عالمی بینک

جمعرات 11 فروری 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) عالمی بینک کے صدرڈاکٹرجم یونگ نے کہا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے پاکستان میں سیکورٹی حالات بہت خراب تھے جو اب بہترہورہے ہیں پاکستان معاشی ترقی کے اہم دور سے گزر رہا ہے، آنے والا دور ڈیجیٹل اکانومی کا ہے جس کیلئے پاکستان کو اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے ہی ملک ترقی کرے گا۔

حکومت کو توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوئلے کی جگہ ونڈ اور سولر انرجی کے منصوبوں کو ترجیح دینا ہو گی۔ کراچی میں آئی بی اے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی بینک کے صدر جیم یانگ کم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کیلئے پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کرسکتا ہے،پاکستان میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی، غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کیلئے زیادہ وسائل خرچ کرنے ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلیم ،صحت، روزگار کے شعبے میں تعاون کرنا چاہتے ہیں جبکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری بہت اہمیت رکھتی ہے۔ توانائی بحران پر ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں ونڈ اور سولر منصوبوں سے اس کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ آنے والا دور جدید ہے بلکہ یہ کہہنا غلط نہ ہو گا کہ مستقبل ڈیجیٹل اکانومی کا ہے جس کیلئے پاکستان خود کو تیا ر کرے۔

صدر جم یونگ کم کا کہنا تھاکہ غربت کے خاتمے کیلئے پاکستانی حکومت کو اقدامات کرنے کے ساتھ انڈسٹریز کو فروغ دینا ہو گا تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہو سکیں ۔یاد رہے کہ عالمی بینک کے صدر ڈاکٹرجم یونگ اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس چلے گئے۔ عالمی بینک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم کی پہلی بار کراچی آمداور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیاگیا۔

آئی بی اے میں میزبان ڈاکٹر عشرت حسین نے خواتین کے اسٹائل میں مہمان کو اجرک پہنائی جس سے تقریب زعفران زار ہوگئی، پورا ہال قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔ مہمان غور سے طلبا و طالبات کے سوالات سنتے رہے۔ مذاکراہ ختم ہونے پر میزبان کو ٹوپی بھی پہنائی گئی اور ہار پھول بھی پیش کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :