تاپی اور قطر کے ساتھ معاہدے سے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہوجائے گا،مصدق ملک

قطر سے ایل این جی درآمد کرنے سے مجموعی طور پر ملک میں گیس کی قلت میں 25 فیصد کمی ہوگی ایل این جی معاہدہ بھارت کی نسبت35 فیصد سستا ہے،ترجمان وزیر اعظم ہاؤ س کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 فروری 2016 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) ترجمان وزیراعظم مصدق ملک نے کہا ہے کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے اور قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے سے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہوجائے گا،قطر سے ایل این جی درآمد کرنے سے مجموعی طور پر ملک میں گیس کی قلت میں 25 فیصد کمی ہوئی ،ایل این جی معاہدہ بھارت کی نسبت35 فیصد سستا ہے۔اسلام آباد میں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا ہے کہ قطر سے ایل این جی معاہدہ تاپی سمیت دوسرے معاہدے سے سستا ہے۔

تاپی ایران پائپ لائن اور قطر ایل این جی معاہدے سے ملک سے گیس کی قلت کا خاتمہ ہوجائے گا۔قطر ایل این جی درآمدی معاہدے سے سستی گیس کا حصول اور اقدامات کئے جارہے ہیں،ایل این جی کی قیمتوں پر اعتراض کرنے والوں کو خوشخبری مل گئی،قیمتوں کے حوالے سے14اجلاس منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

حکومت کا قطر سے کئے گئے معاہدہ بھارت کی نسبت 35فیصد سستا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی درآمد سے ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا۔

آئندہ60روز میں دنیا میں پاکستان کو سب سے کم قیمت پر گیس ملنا شروع ہوجائے گی،اسکی درآمد سے سی این جی کو گیس کی فراہمی بھی بحال ہوجائے گی،ایل این جی کی درآمد سے کھاد کے کارخانے چلیں گے،اس سے کسانوں کو براہ راست فائدہ ہوگا،کھاد کی پیداوار کیلئے گیس کی فراہمی ناگزیر ہے۔انہوں نے ہکا کہ ایل این جی کی درآمد کا معاہدہ ایشیاء کا سب سے سستا ہے،کارخانوں کو گیس کی فراہمی سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،حکومت کی کوشش ہے کہ موجودہ دور حکومت میں گیس کی قلت کا معاملہ حل ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر پابندی ہٹنے سے معاہدے پر پیشرفت ہوسکتی ہے،قطر سے کئے گئے معاہدہ کو تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا اور ارزاں نرخوں پر قطر سے معاہدہ کرنے پر خاقان عباسی مبارکباد کے مستحق ہیں