پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے‘شہبازشریف

سمندر پار بسنے والے ہم وطن پاکستان کے عظیم سفیر ہیں،ان کا قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ہے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن متحرک کردار ادا کر رہا ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 11 فروری 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ(ن) مشرق وسطی کے صدر چودھری نورالحسن تنویر کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اوروزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں - پنجاب حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا ہے -اوورسیز پاکستانیز کمیشن مکمل طو رپر آزاد اور خودمختار ادارہ ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سمندر پار بسنے والے ہم وطن پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اوراوورسیزپاکستانیز کا قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

پاکستان کو حقیقی معنوں میں پرامن اور محفوظ بنا کر قائداعظمؒ کے خواب کو پورا کریں گے۔چودھری نورالحسن تنویر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف انتھک محنت اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیتی ہے۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے کمشنر افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :