وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ‘شہباز شریف

پنجاب اکنامک کونسل بنانے کا فیصلہ ، معیشت کی مضبوطی ، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے سفارشات پیش کرے گی زراعت ، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ، چھوٹی صنعتوں اور سکل ڈویلپمنٹ کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے ، پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے‘وزیر اعلی پنجاب کی ملک کے معروف صنعتکاروں اور ماہرین معاشیات کے نمائندہ وفد سے گفتگو

جمعرات 11 فروری 2016 20:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں ملک کے معروف صنعتکاروں اور ماہرین معاشیات کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ ، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا-وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے - توانائی بحران کے خاتمے، معیشت کی مضبوطی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کئے گئے عملی اقدامات اور کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں - مائیکرو اکنامک اعشاریے بہتر ہوئے ہیں -انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے ، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے فوری نوعیت کے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے - پنجاب حکومت نے اس ضمن میں پنجاب اکنامک کونسل بنانے کا فیصلہ کیا ہے اوریہ کونسل ایک مستقل ادارہ ہو گی جس کے ممبران شرح نمو میں اضافے، معیشت کی مضبوطی ، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع بڑھانے کے لئے قابل عمل سفارشات تیار کر کے پیش کریں گے - انہوں نے کہا کہ اداروں اور انسانی وسائل کی استعداد کار بڑھانے کے لئے بھی موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں- پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ہے اور ان قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر خود کفالت کی منزل حال کی جا سکتی ہے-انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے صنعتوں اور سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے - زراعت ، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ، چھوٹی صنعتوں اور سکل ڈویلپمنٹ کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے - سرمایہ کاروں کو ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے - انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا جس نے ہمارے پانچ سالہ منصوبے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ترقی کی منازل طے کی ہیں جبکہ ہم ترقی کے سفر میں پیچھے ہیں -اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو ترقی ، خوشحالی اور خود کفالت کی منزل کے حصول کے لئے تیز رفتاری سے عملی اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے مربوط روڈ میپ وضع کرکے آگے بڑھنا ہو گا- صنعت کاروں، سرمایہ کاروں ، ماہرمعاشیات اور سرکاری حکام کو مل بیٹھ کر قابل عمل تجاویز اور روڈ میپ مرتب کرنا ہو گا- اجتماعی کاوشوں سے ہی قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے - صنعتکاروں اور ماہر معاشیات نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے امن عامہ کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اورمعیشت کی بہتری کے لئے بھی انتہائی شاندار اقدامات کئے گئے ہیں -صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹریزبھی اس موقع پر موجود تھے۔