یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں’’انسانی حقوق سے متعلق شعور اور حساسیت‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت،جہالت اور نا انصافی کے خاتمہ میں میڈیا ایک جاندار کردار ادا کر سکتا ہے ڈائریکٹر جنرل ہیومین رائٹس محمد ارشد ،پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ ودیگر کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 11 فروری 2016 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء )یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان کے اشتراک سے ’’انسانی حقوق سے متعلق شعور اور حساسیت‘‘کے موضوع پر سیمینار ٹاؤن شپ کیمپس میں منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کی۔ سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل ہیومین رائٹس محمد ارشد، ڈائریکٹر ذوالفقار علی،ریجنل ڈائریکٹر لبنی منصور،ڈپٹی ڈائریکٹر علی مزاری اور ڈین سکول آف کمیونیکیشن اینڈمیڈیاسٹڈیز یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے بطور مہمان سپیکر خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر فیکلٹی ممبران سمیت طلباء و طالبات ایک کثیر تعداد میں موجود تھے۔سیمینار کا بنیادی مقصد طلباء کو انسانی حقوق سے متعلق موجودہ صورتحال،قانونی چارہ جوئی ، اور شعور و آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی تجاویز و آراء پر مشتمل بہتر لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ہیومین رائٹس محمد ارشد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے۔

جمہوری معاشروں میں نوجوان نسل کی تربیت و آگاہی اور بھر پور شمولیت انسانی حقوق کی حفاظت اور عملداری کیلئے ناگزیر ہے۔معاشرے میں بڑھتے ہوئے پر تشدد واقعات کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ ہم دوسروں کے حقوق کا احترام کریں۔انھوں نے وزارت انسانی حقوق کی کارکردگی،پراجیکٹس اور دیگر امور پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ افراد کے مجموعہ کا نام ہے جہاں حقوق اور فرائض بنیادی جزو کا درجہ رکھتے ہیں۔

بدقسمتی سے ہمارے ملک میں انتشاری رویہ جات انسانیت کی تذلیل اور حکومتی رٹ کی عملداری میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ہم سب کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں احترام آدمیت جیسے آفاقی اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے تاکہ معاشرہ امن و انصاف کا گہوارہ بن سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے انسانی حقوق کے حوالہ سے میڈیا کے کردار و خصوصیات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت،جہالت اور نا انصافی کے خاتمہ میں میڈیا ایک جاندار کردار ادا کر سکتا ہے۔

انسانی حقوق سے متعلق واقعات،ایشوز اور چیلنجز کے بارے میں کی جانیوالی رپورٹنگ کیلئے ضابطہ اخلاق کو ملحوظ خاطر رکھنا ازحد ضروری ہے۔انھوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ حقوق العباد کو مقدم جانتے ہوئے ملکی تعمیر وترقی کیلئے جذبے سے کام کریں ۔ریجنل ڈائریکٹر لبنی منصور اور ڈپٹی ڈائریکٹر علی مزاری کا کہنا تھا کہ دنیا کا ہر مذہب احترام آدمیت پر زور دیتا ہے ۔ہمارے مذہب اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں خصوصا خطبہ حجتہ الوداع انسانی عالمی حقوق کے آفاقی منشور کا درجہ رکھتا ہے۔انھوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذات میں بطور رول ماڈل انسانی حقوق کی ہر ممکن بہتری کیلئے ہمت و جوانمردی کے ساتھ کام کریں۔