سی ڈی ڈبلیو پی نیارب کے چھ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

9.780ارب روپے کی لاگت سے سینٹرل ایشیئن ریجنل اکنامک کوآپریشن یونیورسٹی قائم کی جائے گی تعمیر وترقی کے لئے مختص بجٹ کو قوم کی ضرورت کے مطابق استعمال کیا جانا چاہیئے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال

جمعرات 11 فروری 2016 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء) سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 27ارب کے چھ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ، 9.780ارب روپے کی لاگت سے سینٹرل ایشیئن ریجنل اکنامک کوآپریشن یونیورسٹی کے قیام کی بھی اجازت دے دی گئی ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی زیر صدارت جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں دو منصوبوں کے ابتدائی خاکے کی بھی منظوری دے دی گئی جبکہ ایک منصوبہ ایکنک کو بجھوانے کی تجویز دی گئی ۔

وفاقی وزیر نے قومی خزانے کا استعمال شفاف طریقے سے کرنے کے لئے مختلف منصوبوں پر ہونے والی لاگت پر دوبارہ نظر ثانی کی بھی ہدایت جاری کی ۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے میں مختص بجٹ کو غیر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کی بجائے ملک وقوم کی تعمیر وترقی کی ضرورت کے مطابق خرچ کرنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

سی ڈی ڈبلیو پی نے تعلیم کے شعبہ میں دوارب روپے کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ساتھ 9.780روپے کی لاگت سے سینٹرل ایشیئن ریجنل اکنامک کوآپریشن یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی وفاقی وزیر نے کہا کہ اس یونیورسٹی کو اکیسویں صدی کے جدید معیار کے مطابق قائم کرنا چاہیئے تا کہ یہ دیگر عالمی جامعات کے ساتھ مقابلہ کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو دو مرحلوں میں تعمیر کیا جائے تاکہ پہلے مرحلے کی تکمیل ستمبر 2017میں مکمل کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا جاسکے ۔اجلاس نے یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے تمام امور کو تیز اور موثر طریقے سے حل کرنے کے مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ۔سی ڈی ڈبلیو پی نے 265.50 روپے کی لاگت سے انڈسٹری سپورٹ پروگرام کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمد ات کو فروغ دینے کی منظوری دی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ ویژن2025سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے جسکی تکمیل میں معیار اورتخلیق کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں 15.875روپے کی لاگت سے کوئلہ فراہم کرنے والے نظام کو پی آئی بی ٹی سے پورٹ قاسم پر ریلوے تک پہنچانے کی منظوری دی ۔سی ڈی ڈبلیو پی نے 1450ملین روپے کی لاگت سے آزاد جموں کشمیر میں جی ایس ایم نیٹ ورک کے متبادل کی بھی منظوری دی ۔ اجلاس میں91ملین روپے کی لاگت سے جوہری پلانٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے اور پی این آراے کی صلاحیت کو مستحکم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔پاکستا ن اور کوریا کے مشترکہ تعاون سے فیصل آبادزرعی یونیورسٹی میں ہائی ٹیک زرعی انوویشن سینٹر اور پوٹھوہار ریجن میں سماجی ومعاشی ترقی کی منظوری بھی دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :