خانیوال‘ موٹر سائیکل ‘کیش او رموبائل چھیننے والا عدیل گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

جمعرات 11 فروری 2016 20:29

خانیوال( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء ) موٹر سائیکل ‘کیش او رموبائل چھیننے والا عدیل گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار‘چھینے گئے موٹر سائیکل ‘کیش اور موبائل مالیتی 4لاکھ 13ہزار روپے برآمد جبکہ ملزمان کے زیر استعمال اسلحہ برآمد کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے ۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عدیل گینگ کے ارکان کچھ عرصہ سے تھانہ سٹی خانیوال ‘تھانہ صدر خانیوال اور تھانہ کہنہ خانیوال کے علاقوں میں موٹر سائیکل کیش اور موبائل چھیننے کی وارداتیں کررہے تھے ‘مدعی مقدمہ درخواست لیکران کے دفتر پیش ہواکہ کچھ نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اس سے کراچی والا دربار کے نزدیک سے 70ہزار روپے کیش چھین لیا ہے میری رقم برآمد کروائی جائے ‘مدعی کی درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے ایس ایچ او سٹی خانیول کو دفتر طلب کیا اور واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے او رمال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیتے ہوئے کچھ گائیڈ لائن دیں ۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او سٹی خانیوال نے گینگ کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے کر اپنے انفارمیشن ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے گینگ کے ملزمان کا سراغ لگا کر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ڈی پی او نے بتایا کہ گرفتارملزمان میں عدیل ولد سکندر قوم جٹ کسراء سکنہ چک نمبر44/10Rاور اس کا ساتھی عثمان ولد محمد ذکی قوم ہنجرا سکنہ 78-Bکسرانوالہ تھانہ چھب کلاں شامل ہیں ‘ملزمان نے دوران انٹروگیشن درجن کے قریب وارداتوں کے ارتکاب کا اعتراف کیا ‘ملزمان نے مزید انکشافات کیے کہ وہ تھانہ سٹی خانیوال کے علاوہ تھانہ صدر اور تھانہ کہنہ خانیوال کے علاقوں میں بھی وارداتیں کرتے تھے اور ان تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں ۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان نے چھینے گئے تین موٹر سائیکل ‘کیش او رموبائل مالیتی 4لاکھ13ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں جبکہ ملزمان سے وارداتوں کے دوران استعمال ہونیوالا اسلحہ پسٹل 30بور دو عدد اور درجن سے زائد گولیاں برآمد کرکے ناجائز اسلحہ رکھنے کی پاداش مں ے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔ملزمان سے مزید انٹروگیشن جاری ہے جس سے مزید برآمدگی کی توقع ہے ۔ڈی پی او نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دئیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔