ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے تمام صوبے اور سیاسی جماعتیں متفق ہیں، وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کا اساتذہ کی تربیت کا ادارہ قائم کیا جائے گا، تعلیم بالغاں کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں، بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس ہر 4 ماہ کے بعد باقاعدگی سے ہو گی،

وزیر مملکت انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی پریس کانفرنس

جمعرات 11 فروری 2016 20:18

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء) وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے تمام صوبے اور سیاسی جماعتیں متفق ہیں، وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کا اساتذہ کی تربیت کا ادارہ قائم کیا جائے گا، تعلیم بالغاں کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں، بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس ہر 4 ماہ کے بعد باقاعدگی سے ہو گی۔

وہ جمعرات کو ایچ ای سی میں منعقدہ دو روزہ ساتویں بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومت ہے لیکن معیاری تعلیم کے فروغ میں تمام صوبے اور سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور اس میں کوئی اختلاف نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پائیدار ترقی کے اہداف 2030ء اور خاص طور پر تعلیم سے متعلق ہدف نمبر 4 کو زیر بحث لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح خواندگی 60 فیصد ہے، یعنی 40 فیصد 7 کروڑ 50 لاکھ افراد ناخواندہ ہیں۔ اس صورتحال میں تعلیم بالغاں کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم سے کم نصاب کا تعین کیا گیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے تاہم ابھی اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کانفرنس میں قومی تعلیمی پالیسی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال پر بنائی جانے والی کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نے کانفرنس کے شرکاء کو بریفنگ دی جس میں تمام ملک کے تعلیمی بورڈز کو بہتر بنانے اور رٹہ ازم کے خاتمے پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسیلہ تعلیم میں طلباء کی تعداد کو 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کر دیا گیا ہے۔ کانفرنس میں تعلیم کے معیارات کا تعین کر دیا گیا ہے اور تمام صوبے اپنے اپنے علاقوں میں اس کے اطلاق کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کا اساتذہ کی تربیت کا ادارہ بنایا جائے گا جو تمام صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے اور سیاسی جماعتیں تعلیم کے فروغ میں متفق ہیں اس موقع پر کانفرنس کے شرکاء نے کانفرنس کو ملک میں یکساں اور معیاری کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا ہے۔

تمام صوبے اور سیاسی جماعتوں میں تعلیم کے فروغ میں کوئی اختلاف نہیں سب اس کے فروغ کیلئے اقدامات میں متفق ہیں۔ کانفرنس میں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر تعلیم پنجاب رانا مسعود، وزیر تعلیم خیبر پختونخوا محمد عاطف خان، وزیر تعلیم بلوچستان عبدالرحیم زیارت وال، وزیر تعلیم گلگت بلتستان محمد ابراہیم ثنائی، وزیر تعلیم آزاد کشمیر محمد مطلوب انقلابی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وفاقی سیکرٹری تعلیم حسن اقبال، سیکرٹری کیڈ خالد حنیف، ایڈوائزری کمیٹی وزارت وفاقی تعلیم، چیئرمین این سی ایچ ڈی سینیٹر رزینہ عالم اور دیگر وفاقی و صوبائی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :