پنجاب حکومت کا نہروں میں پانی کی سطح برقرار رکھنے اور نچلی سطح پر قدرتی و مصنوعی طریقے سے پانی کو محفوظ رکھنے کے ضمن میں گراؤنڈ واٹرمینجمنٹ کے نام سے جامع منصوبہ

محکمہ پی اینڈ ڈی کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس میں منصوبے پر چار سالوں کے دوران عملدرآمد کیلئے باقاعدہ طور پر 58 کروڑ 22 لاکھ 49 ہزار کی حتمی منظوری

جمعرات 11 فروری 2016 19:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) حکومت پنجاب صوبے کی نہروں میں پانی کی سطح کو بہتر طور پر برقرار رکھنے کیلئے نہروں کی نچلی سطح پر بھاری مقدار میں قدرتی و مصنوعی طریقے سے پانی کو محفوظ رکھنے کے ضمن میں گراؤنڈ واٹرمینجمنٹ کے نام سے ایک جامع منصوبہ متعارف کروا رہی ہے۔اس ضمن میں حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ پی اینڈ ڈی کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں گزشتہ روز اس منصوبے پر چار سالوں کے دوران عملدرآمد کیلئے باقاعدہ طور پر 58 کروڑ 22 لاکھ 49 ہزار روپے کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔

یہ بات چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان نے گزشتہ روز پی اینڈ کمپلیکس میں منعقدہ پنجاب ڈویلپمنٹ فورم کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت محکمہ پی اینڈ بورڈ کے ممبران، متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے سیکرٹریز صاحبان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کو زمینی پانی کی سطح میں تیزی سے کمی کا بڑا سامنا ہے اور اس کے علاوہ کچھ علاقوں میں صاف میٹھا پانی میں نمکین پانی کی شمولیت درپیش ہے۔

جس کا آئندہ آنے والے سالوں میں قومی صحت و معیشت کو ایک بڑے خطرے کا چیلنج ہے ۔ پنجاب کی نہروں میں زراعت کو سیراب کرنے کیلئے پانی ناکافی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں آبی وسائل کو زرعی توسیع ، تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی اور بڑھتی ہوئی عمارتوں اور صنعتوں میں اضافے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پانی کی طلب اور اس کی فراہمی کے درمیان ایک خاصا خلا بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے پراجیکٹ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پراجیکٹ ایریا میں پانی کی سطح ہر سال میں تقریباً دو فٹ تک کم ہو رہی ہے ۔ زرعی علاقوں کو نہری پانی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے ۔ اس منصوبے کو ایک پائلٹ پراجیکٹ کی حیثیت سے متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت ضلع وہاڑی میں اولڈ میلسی کینال پر سیلابی پانی کے ذریعے سے زمینی پانی کی سطح میں اضافہ کرنے اور اس کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

علاوہ ازیں مصنوعی طریقے کے ساتھ بارشی پانی اور سیلابی پانی کو بھی زمینی سطح پر بنائے گئے تالابوں میں بھی سائنسی طریقوں کے ساتھ پانی کو محفوظ کیا جائے گااور نہروں میں گراؤنڈ واٹر مانیٹرنگ نیٹ ورک کو مزید مضبوط و بہتر بنایا جائے گا اور مصنوعی طریقے کے ساتھ پانی کی سطح کو برقرار اور محفوظ کرنے کیلئے مختلف ممکنہ مقامات کو شناخت کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :