ملک میں امن و امان کے قیام میں عوام اور پاک فوج نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،گورنر سندھ

قوم و مسلح افواج پر عزم ہیں کہ وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا،عشرت العباد خان کی جرمن سفیر سے گفتگو

جمعرات 11 فروری 2016 18:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ماضی کے برعکس آج کا پاکستان پرامن ہے ملک میں امن و امان کے قیام میں عوام اور پاک فوج نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،قوم و مسلح افواج پر عزم ہیں کہ وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے بعد آج دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی ترجیح پاکستان میں سرمایہ کاری ہے کیونکہ خطے میں محل و قوع کے لحاظ سے پاکستان منفرد اہمیت کا حامل ملک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پر امن و ترقی کرنے والاپاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے جبکہ پر امن و ترقی یافتہ پاکستان خطے میں امن و ترقی کی ضمانت بھی ہے ۔ انہوں نے کہا اقتصادی و معاشی سرگرمیوں کے مرکز کراچی شہر کو کارپوریٹ و انٹیلیکچول حب کی حیثیت بھی حاصل ہے منی پاکستان کہلانے والے اس شہر کو پورے پاکستان کی نمائندگی کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے ، کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ، بھرپور استعداد کے حامل اس شہر میں جرمن سرمایہ کار وں کو سرمایہ کاری کے فوری فوائد یقینی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں جرمن سفیر Ina Lepel Ms.سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرکراچی میں جرمنی کے قونصل جنرل Mr.Rainer Schmiedehen بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں نا مساعد حالات میں بھی تجارتی و کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں جس سے تجارت و کا روبار سے وابستہ افراد کو مطلوبہ فائدہ حاصل رہا ۔ انہوں نے کہا اس وقت ملکی آبادی میں اضافہ 2 فیصد جبکہ شہر میں 4.5 سے 5 فیصد تک اضافہ ہو رہا ہے یہی وجہ ہے شہر میں آبادی کے بے ہنگم اضافے سے کئی مسائل جنم لے رہے ہیں اس میں غربت اور بے روزگاری سر فہرست ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہو ئی آبادی کے باعث حکومتی اقدامات کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہو پارہے ہیں آبادی میں تیزی سے اضافہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے غربت اور بیروزگاری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں ضرب عضب آپریشن کے شروع ہوتے ہی شہر میں دہشت گردی کے خطرات بڑھے جس کے پیش نظر فوج ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بر وقت ،کارروائیاں کرکے ان خطرات کو کم کیا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 70 سے 80 فیصد دہشت گردی کے خاتمے کا آج پوری دنیا اعتراف کرر ہی ہے لیکن حکومت پر عزم ہے کہ ہر قسم کے جرائم کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر جرمن سفیر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پورے ملک سمیت صوبہ سندھ اور شہر میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہے جس کابین الاقوامی طو رپر اعتراف کیا جا رہا ہے جرمن سرمایہ کار پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ و شہر کراچی میں سرمایہ کاری سے یہاں کی استعداد کا بھرپور فائدہ حاصل کرینگے ۔پاک جرمن مشترکہ سرمایہ کاری کے لئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اس ضمن میں دوطرفہ سرمایہ کاروں کے وفود کے تبادلے اور سرمایہ کاری میں تیزی سے معاملات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔