سی ٹی او کاتجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی بہتری کیلئے سٹی ڈویژن کا دورہ

وارڈنز ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں‘طیب حفیظ چیمہ

جمعرات 11 فروری 2016 17:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء )چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے تجاوزات کے خاتمے ،ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے سٹی ڈویژن کا دورہ کیا ۔انہوں نے داتا دربار کے سامنے سے تجاوزات اور ناجائز پارکنگ سٹینڈختم کرادیئے اور آئندہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کا حکم دیا۔

سی ٹی اونے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کیلئے سٹی ڈویژن کے علاقوں شیرانوالہ گیٹ ،کشمیری گیٹ ،مستی گیٹ ،سورجن سنگھ چوک ،پانی والا تالاب ،رنگ محل ،شاہ عالمی ،بانسانوالہ بازار ،اکبری گیٹ اور دہلی گیٹ کا وزٹ کیا۔سی ٹی او نے خود موقع پر موجود رہتے ہوئے داتا دربار کے سامنے قائم تجاوزات اور ناجائز پارکنگ سٹینڈبھی ختم کرادیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت،ٹریفک کی روانی اور قوانین کی پاسداری سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں ،اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سی ٹی او نے کہا کہ وارڈنز اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور ہمہ وقت جذبہ خدمت خلق سے سرشار ہوں۔ وارڈنز ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کے خاتمے اور لوگوں میں شعور بیداری کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاہم اس دوران شہریوں سے رویہ انتہائی نرم اور شائستہ رکھیں۔