پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تعلیم یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے‘قمرالاسلام

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں کی کامیابی میں سکول پارٹنرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نجی پارٹنرز کے اشتراک سے دور دراز علاقوں اور پسماندہ علاقوں میں سماجی و معاشی وسائل کی کمی کا شکار بچوں کو تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے ‘ چیئرمین پیف

جمعرات 11 فروری 2016 17:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں کی کامیابی میں سکول پارٹنرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نجی پارٹنرز کے اشتراک سے دور دراز علاقوں اور پسماندہ علاقوں میں سماجی و معاشی وسائل کی کمی کا شکار بچوں کو تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے ۔

ان بچوں کو یہ حوصلہ بھی ملا ہے کہ وہ تعلیم کے ذریعے اپنی زندگیاں بدل سکتے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پیف انجینئر قمرالاسلام راجہ نے یہاں صدر دفتر میں سکول پارٹنرز کے وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈی پیف طارق محمود اور ڈائریکٹر سدرہ سلیم بھی موجود تھیں۔ چیئرمین پیف نے سکول پارٹنرز کے تعلیمی کردار کو سراہا اور کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن صوبے میں 2018 تک سو فیصد شرح داخلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری خواہش ہے کہ کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔وسائل کی کمی کسی بچے کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرسکول کھلنے سے ضرورت مند بچوں کو ان کی دہلیز پر مفت و معیار ی تعلیم کی سہولت میسر آئی ہے جو ایک خوش آئند امر ہے۔اس طرح تعلیم یافتہ معاشرہ پروان چڑھے گا۔

ایم ڈی پیف طارق محمود نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرسکولوں میں زیر تعلیم طالب علموں میں 45فیصد تعداد طالبات ہے ۔یہ تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری بچیوں میں حصول علم کی بے پناہ تڑپ موجود ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں حصول علم کے بھرپور مواقع مہیا کیے جائیں تاکہ کوئی اس بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔اس موقع پر سکول پارٹنرزنے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی کردار کو سراہا اور کہا کہ اس فاؤنڈیشن کی بدولت ضرورت مند گھرانوں کی تعلیم تک بلاامتیاز رسائی ممکن ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :