Live Updates

ارجنٹائن کے سبکدوش ہونیوالے سفیر کے اعزاز میں ناشتہ، 16 ممالک کے سفیر اور مسلم لیگی رہنماؤں کی شرکت

دوست ممالک کے تعاون سے خطہ میں امن، سلامتی اور ترقی میں حائل رکاوٹیں دور ہو سکتی ہیں‘چودھری شجاعت حسین

جمعرات 11 فروری 2016 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دوست ممالک کے تعاون سے امن، سلامتی اور ترقی میں حائل رکاوٹیں دور ہونے سے خطے کا ماحول بہتر ہو گا۔ وہ جمعرات کو ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر اور ڈپلومیٹک کور کے ڈین روڈلفو مارٹن کے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی ناشتہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی خطاب کیا۔ ارجنٹائن، آسٹریلیا، جنوبی کوریا، رومانیہ، کینیڈا، بوسنیا، سری لنکا، جنوبی افریقہ، سپین، سوئٹزرلینڈ، بھارت، سویڈن، کویت، کیوبا، پولینڈ سمیت 16 ممالک کے سفیروں نے ناشتے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سبکدوش ہونیوالے ارجنٹائن کے سفیر روڈلفو مارٹن ایک مقبول شخصیت اور پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے میں چاہتا ہوں کہ وہ جلد دوبارہ پاکستان واپس آئیں۔

انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ اسلام آباد میں روڈلفو مارٹن کا خوبصورت گھر ہے، اگر وہ جلد نہ آئے تو ایسا نہ ہو کہ سی ڈی والے ان کے خوبصورت گھر پر قبضہ کر لیں۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا خطے میں کلیدی کردار ہے اس حوالے سے ہم علاقائی سیاست کا محور ہیں، سب ہمسایوں اور باقی دنیا سے برابری اور تعاون کی بنیاد پر اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، سینیٹر دلاور عباس، میاں عمران مسعود، فیصل مشتاق، رانا خالد منظور، مسلم لیگ شعبہ خواتین کی سربراہ بیگم فرخ خان، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات لبنیٰ قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سفیروں نے پاکستانی روایتی کھانوں پر مبنی ناشتہ کا اہتمام کرنے پر چودھری شجاعت حسین کی تعریف کی اور دلی شکریہ ادا کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :