پیرا شوٹ کالونی کے غریبوں کو صوبائی وزیر کا گھر بچانے کیلئے قربانی کا بکرا نہیں بننے دیں گے ‘شعیب صدیقی

لاہور شہر کی اکھاڑ بچھا ڑ شہری حسن اور تاریخی مقامات کی تباہی کا باعث ہیں ‘رکن اسمبلی کاپیرا شوٹ کالونی کے مکینوں سے خطاب

جمعرات 11 فروری 2016 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے نام پر پیرا شوٹ کالونی کے غریب مکینوں کو ایک صوبائی وزیر کا گھر بچانے کیلئے قربانی کا بکرا نہیں دیں گے ،پنجاب حکومت اقتدار کے نشے میں عدالتی احکامات کی بھی پرواہ نہیں کر رہی ،نواز لیگ این اے122اور پی پی147کے مکینوں کو ووٹ نہ دینے کی سزا دے رہے ہیں عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے اور سراپا احتجاج ہوں گے ۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی نے پیرا شوٹ کالونی کے مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے ۔حکمرانوں کو ایسی من مانی کرنے کی اجاز ت نہیں دے سکتے ۔لاہور شہر کی اکھاڑ بچھاڑ شہری حسن اور تاریخی مقامات کی تباہی کا باعث ہیں ،نئی بنی ہوئی سڑکوں کو دوبارہ توڑ دیا گیا ہے اور صرف بھاری کمیشن کے چکر میں سارا شہر بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہا ہے ۔شعیب صدیقی نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے 165ارب روپے کے منصوبے میں سے صرف 25ارب روپے ٹرین پر جبکہ باقی اللوں تللوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں جن کا کوئی حساب کتاب ہی نہیں ،شعیب صدیقی نے پیرا شوٹ کالونی کے مکینوں سے اظہار یکجہتی کی ۔

متعلقہ عنوان :