Live Updates

صوبائی حکومت سالانہ ترقیاتی فنڈز کو استعمال کرنے کی بجائے کشکول ہاتھ میں لئے بھیک مانگ رہی ہے ،الیاس بلور

عمران خان اور پارٹی کا خیبر پختونخوا سے کوئی تعلق نہیں ،یہ ورلڈ بینک سے قرض لیکر پختونخوا کے عوام کو قرضے کی دلدل میں دھکیل کر رفو چکر ہوجائینگے ،سینیٹرالیاس بلور

جمعرات 11 فروری 2016 17:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ آف پاکستان میں پارلیمانی لیڈر ٗبزنس مین فورم کے لیڈر اور ملک کے ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے عمران خان کی جانب سے ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات میں خیبر پختونخوا کیلئے قرضہ مانگنے اور صوبے کے غیور پختونوں کو مزید مقروض بنانے کے اقدام پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور اس کے سربراہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں رکھے گئے فنڈز کو استعمال کرنے کی بجائے کشکول ہاتھ میں لئے بھیک مانگ رہے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور غیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے گذشتہ سال بھی صوبائی بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص بجٹ کا ایک بڑا حصہ استعمال میں نہیں لایا گیا اور اس سال بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا صرف 18فیصد حصہ استعمال ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کا خیبر پختونخوا سے کوئی تعلق نہیں اوریہ ورلڈ بینک سے قرض لے کر پختونخوا کے غیور عوام کو قرضے کی دلدل میں دھکیل کر رفو چکر ہوجائیں گے اور اس کا خمیازہ اس صوبے کے عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ جب صوبائی بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں فنڈز دستیاب ہیں تو پھر عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کشکول ہاتھ میں لئے بھیک کیوں مانگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت پختونوں کو پسماندہ اور قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کوشش کی جارہی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی نااہل حکومت سے اخلاقی طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جو حکومت عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے وہ اس صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کسی صورت مخلص نہیں ہوسکتی۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے صوبے کی اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران سے کہا ہے کہ وہ ورلڈ بینک سے قرض لینے کے فیصلے کی شدید مخالفت کریں اور نااہل صوبائی حکومت کے کسی ایسے اقدام پر خاموش نہ رہیں جس سے اس صوبے کے غیور عوام کی عزت نفس مجروح ہوتی ہو ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :