ویلنٹائن ڈے اور مغربی تہذیب کے عکاس تہواروں کی مذمت کرتے ہیں‘ذکراللہ مجاہد

اسلام آباد کی طرح لاہور میں بھی ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی لگائی جائے‘امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعرات 11 فروری 2016 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ ہم ویلنٹائن ڈے اورمغربی تہذیب کے عکاس دیگر تہواروں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ا و ر حکو مت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اس غیر اسلامی اور بے ہودہ تہوار کو پاکستان میں پنپنے کا موقع نہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی علاقہ غربی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں میاں محمد رفیع،چوہدری عبدالقیوم گجر،انجینئراحمد سلمان، غلام حسین بلوچ اور محمد یونس ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور وزیرداخلہ اور اسلام آبادانتظامیہ کے اسلام آباد میں ویلنٹائن ڈے پر پابندی لگانے کے فیصلے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب اور لاہورانتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس دن کو منانے پر فوری پابندی لگائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر معاشرے کی اپنی روایات اور ترجیحات ہوتی ہیں۔ ہمارے اسلامی معاشرے کی بنیاد ایک خاص نظریہ پر قائم ہے اور اسلام کی بنیاد پر بننے والا ملک ان ایام کو منانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہمارا معاشرہ اس نوعیت کے اظہار محبت کو نامناسب سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے پبلک مقامات پر پروگرامات اورتقریبات کے انعقاد پر پابندی لگائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی لاہور حلقہ خواتین کے زیراہتمام کل مورخہ 12فر وری 2016کو لالک چوک ڈیفنس میں ”ویلنٹائن ڈے “ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی ۔جس سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور حلقہ خواتین کی رہنماء سمیحہ راحیل قاضی ، رزافشاں فرحین اور شازیہ عبدالقادر کریں گی-

متعلقہ عنوان :