مصر کی کمپنیاں پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں، مصری سفیر

جمعرات 11 فروری 2016 16:44

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر شریف محمد کما ل الدین شاہین نے کہا کہ مصر کی کمپنیاں پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں کیونکہ پاکستان کے اس شعبے میں منافع بخش سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ اس سلسلے میں مصر کی کمپنیاں پاکستان میں پارٹنرز کی تلاش میں ہیں ،چین پاکستان اقتصادی راہدرای منصوبہ سے مصر کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے کیونکہ اس سے سوئز نہر تک آسان رسائی میسر ہو سکے گی۔

سیاحت کے شعبے میں بھی پاکستان اور مصر کے مابین باہمی تعاون کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں کیونکہ مصر اس شعبے میں اچھی مہارت رکھتا ہے اور وہ پاکستان کو اپنی سیاحت کی صنعت کو بہتر طور پر فروغ دینے میں مدد سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مصر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین عمدہ سیاسی اور فوجی تعلقات ہیں لہذا ن تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو بھی بہتر کرنا چائیے کیونکہ اس وقت باہمی تجارت دونوں ممالک میں موجود تجارتی مواقعوں کے مطابق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ براعظم ایشیا ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے اور اس تناظر میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کا فروغ مصر کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

شریف محمد کمال ا لدین شاہین نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے اچھے خاصے مواقع پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط استوار کر کے ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ مصر کا سفارتخانہ چیمبر کے وفد کے دورہ کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا

متعلقہ عنوان :