موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہونے والا پاکستان دسواں بڑا ملک بن گیا

جمعرات 11 فروری 2016 16:38

موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہونے والا پاکستان دسواں بڑا ملک بن گیا

اسلام آباد،فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہونے والا دنیا بھر کے ممالک میں دسواں بڑا ملک شمار ہوتا ہے ،ملک بھر میں ہر سال ایک لاکھ 10ہزار افراد فضائی آلودگی کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے فضائی آلودگی سے سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں۔

چین میں ہر سال 10لاکھ سے زائد افراد زہریلی گیسوں کے اخراج سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی سے ہلاک ہوجاتے ہیں ۔ماحولیاتی ، فضائی آلودگی اور گلوبل وارننگ دہشت گردی سے بڑا خطرہ ہے۔ آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار عباس عل گلِ ماہر شعبہ اگرانومی ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے موسمیاتی تغیرات اور زراعت کے موضوع پر منعقدہ سیمنیار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں کیونکہ درخت کاربن ڈائی اکسائیڈ گیس جذب کرتے اور آکسیجن چھوڑتے ہیں ۔پانی کا غیر منصفانہ اور غیر ذمے دارانہ استعمال روکنا ہوگا کیونکہ پاکستا ن میں سکڑتے ہوئے آبی وسائل تیزی سے کم ہورہے ہیں ۔ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زراعت کے فارمنگ سسٹم میں نئی اصلاحات متعارف کروانا ہوں گی تاکہ زراعت کو منافع بخش سیکٹر کے طورپر معیشت کا حصہ برقرار رکھا جائے اور غذائی استحکام کا حصول ممکن ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے زرعی ماہرین نے مختلف فصلات گندم، کپاس، گنا اور دھان کی ایسی اقسام وضع کرلی ہیں جو زیادہ درجہ حرارت اور خشک سالی میں بھی بھر پور پیداوار دیتی ہیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکتی ہیں۔ سیمنیار سے زرعی سائنسدانوں ، کاشتکاروں اور زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :