ہیپاٹائٹس بی اور سی کی گولیاں دو ہفتو ں کے اندر مارکیٹ میں سستے ترین ریٹ پر دستیاب ہونگی،سائرہ افضل تارڑ

جمعرات 11 فروری 2016 16:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے قومی و صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، نیشنل ہیلتھ سکیم کے بعد حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر ہیپاٹائٹس سی اور بی کی روک تھام کیلئے استعمال ہونے والی گولی انتہائی سستے دام پر مہیاکر دی ہے ، گولیاں یکم مارچ سے مارکیٹ میں 5868روپے 28گولیوں کے حساب سے دستیاب ہونگی جبکہ دو غیر ملکی اور 9مقامی ادویات ساز کمپنیوں نے بھی اسی قیمت پر یہ ادویات فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ہیپاٹائٹس کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں پر ہیپاٹائٹس بی اور سی کے لاکھوں مریض موجود ہیں پوری قوم کو خوشخبری دی جارہی ہے کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی گولیاں دو ہفتو ں کے اندر مارکیٹ میں دنیا کے سستے ترین ریٹ جو کہ 5868روپے 28گولیوں کے حساب سے مقرر کی گئی ہے دستیاب ہونگی یہ کورس تین مہینوں کا ہوگا جو کہ ہیپاٹائٹس کے انجکشن کے مقابلے میں سب سے زیادہ کارآمد ہے اور مضر اثرات انتہائی کم ہیں اس سے پہلے انجکشن کا کورس چھ مہینوں کا تھا جبکہ ان گولیوں سے یہ کورس صرف تین مہینوں کا ہوگا انہوں نے کہا کہ اس دوائی کی لائسنس 9مقامی اور دو غیر ملکی کمپنیوں کو دی گئی ہے جبکہ امپورٹڈ ریٹ بھی مذکورہ بالا مقرر کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو اسلم افغانی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی گولیوں کیلئے دو بین الاقوامی اور اکتیس مقامی کمپنیوں نے ڈریپ کو لائسنس کیلئے درخواست دی تھی جس میں دو غیر ملکی اور نو مقامی کمپنیوں کے نام فائنل کرکے رجسٹرڈ کیا گیا اور ان کے ساتھ بیٹھ کر پرائسنگ پالیسی کے تحت اس دوائی کی سستی ترین قیمت مقرر کی گئی جس پر کسی بھی کمپنی کو اعتراض نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کورٹ میں کوئی سٹے آرڈر لینے کا جواز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی اور بی گولیوں کی قیمت 5868روپے مقرر کرنے کے بعد اس کی سمری وزیراعظم میاں نواز شریف کو بھجوائی گئی جس کو وزیراعظم نے فی الفور منظور کردیا اور اب ہیپاٹائٹس بی اور سی کے لاکھوں مریض اس سے مستفید ہوسکیں گے ۔ واضح رہے کہ امریکہ میں اس دوائی کی قیمت فی کورس ایک ہزار ڈالر اور بھارت میں 26ہزار فی کورس 28گولیاں ہیں