احاطہ عدالت سے ملزمان کی گرفتاری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے ہائیکورٹ بار کے جنرل ہاؤس کا ہنگامی اجلاس

جمعرات 11 فروری 2016 16:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کا احاطہ عدالت سے ملزمان کی گرفتاری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کا ہنگامی اجلاس پیر محمد صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مسعود چشتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محمد احمد قیوم سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور سید اختر حسین شیرازی فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پیر محمد مسعود چشتی نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن کا شکریہ ادا کیا ۔ ساتھ ہی انہوں نے ممبران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے موقف کی بھر پور تائید و حمایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن بھی ہاؤس کو پڑھ کر سنایا جس پر ہاؤس نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن کو خراج تحسین پیش کیا۔ حافظ جمیل احمد نقیبی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے تلاوت کلام پاک اور عنصر علی ایڈووکیٹ نے نعت رسول مقبول کی سعادت حاصل کی۔