پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات معطل نہیں ہونگے ،فریقین مختلف سطح پر رابطے میں ہیں،پاکستان

جمعرات 11 فروری 2016 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کا راستہ مذاکرات ہی ہیں، دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف تمام علاقائی کوششوں میں تسلسل اور ثابت قدمی کے ساتھ تعاون کر ر ہے ہیں،پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات معطل نہیں ہونگے ،فریقین مختلف سطحوں پر رابطے میں ہیں۔

جمعرات کودفترخارجہ کے نئے ترجمان محمد نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات کیلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں، مجوزہ مذاکرات معطل نہیں ہونگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کی ہرکوشش کی حمایت کرتا رہیگا ۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات سے متعلق وزارت داخلہ بہتر بتا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں امن و استحکام کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے افغانستان میں قیام امن کے لئے چار ملکی مفاہمتی عمل سے متعلق روڈ میپ تیار کرلیا گیا ہے اورافغانستان کے بارے میں چار فریقی رابطہ گروپ کا چوتھا اجلاس 23 فروری کو کابل میں ہوگا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں داعش جیسا کوئی گروہ منظم نہیں، داعش پر ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کے بیان پر تبصرہ نہیں کرونگا اوران کے بیان پر وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف تمام علاقائی کوششوں میں تسلسل اور ثابت قدمی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کی بات چیت کیلئے ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے فریقین مختلف سطحوں پر رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت پٹھانکوٹ دہشت گرد واقعے کی تحقیقات کے بارے میں بھی رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف تمام علاقائی کوششوں میں تسلسل اور ثابت قدمی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف چونتیس ملکی سعودی اتحاد کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین کی سطح پر اس اتحادکی تفصیلات اور طریقہ کار پر کام کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :