لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی اور پچپن فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت,,اوگرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 11 فروری 2016 16:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی.پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے وکیل نےدلائل دیتے ہوئے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود حکومت عوام کو مہنگے داموں پٹرولیم مصنوعات فراہم کر رہی ہے۔حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔

(جاری ہے)

ایک طرف حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی اور دوسری جانب پچپن فیصدسیلز ٹیکس عائد کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی ۔ سیلز ٹیکس میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مہنگائی کا تحفہ دیا ہے.انہوں نے عدالت سے استدعا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح کے مطابق کمی کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ سیلز ٹیکس میں اضافے کے حکومتی اقدام کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔جس پر عدالت نےوفاقی حکومت,,اوگرا اور دیگر فریقین کو پندرہ مارچ کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.