ایل این جی کی برآمد کا معاہدہ، توانائی کے بحران کے حل میں اہم پیش رفت ہے، کاٹی

بجلی اور گیس کی قلت کے خاتمے کے براہ راست مثبت اثرات ملکی برآمدات پر ہوگا، ایس ایم منیر

جمعرات 11 فروری 2016 15:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ اور معروف تاجر راہنما ایس ایم منیر اور صدر کاٹی زاہد سعیدنے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ ایل این جی کی برآمد کے تاریخی معاہدے سے ملک میں توانائی کے بحران میں کمی آئی گی، توانائی کا بحران ختم کرنے کے لیے میاں نواز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ریاست کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد امید ہے کہ ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث بند ہوجانے والے پاور پلانٹس فعال ہوجائیں گے اور ملک میں گیس کی قلت کا بھی خاتمہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو توانائی بحران کے باعث پیش آنے والے مشکلات کو ختم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ایل این جی کی برآمد کا اقدام توانائی بحران کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا عالمی سطح پر پائے جانے والی مسابقت کے باوجود قیمت اور طویل العیاد فوائد کے اعتبار سے قطر کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ ایک اہم کام یابی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت صنعتوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور توانائی بحران کی وجہ سے جن مسائل کا سامنا ہے کہ ان میں کمی کے لیے میاں نواز شریف نے کئی قابل تحسین اقدامات کیے ہیں، امید ہے توانائی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی غیرملکی سرمایہ کاری کے بعد گھریلو صارفین اور صنعتوں کو نہ صرف بغیر تعطل کے بجلی کی فراہمی ہوگی بلکہ توانائی کے نرخوں میں بھی کمی واقع ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس کی قلت کے باعث بالخصوص وہ صنعتیں شدید کا مسائل کا شکار تھیں جو زیادہ تر برآمدات کی پیداوار کرتی ہیں، امید ہے ایسے اقدامات کے بعد صنعتوں کے مسائل میں کمی واقع ہوگی اور اس سے نہ صرف گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافے کے امکانات پیدا ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :