عوامی شکایات کا ازالہ محتسب عدالت کی اولین ترجیح ہے، فرزانہ جبیں

جمعرات 11 فروری 2016 15:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء)عوامی شکایات کا ازالہ محتسب عدالت کی اولین ترجیح ہے، مختلف محکموں کے متاثرہ افراد کی درخواستوں پر باقاعدگی سے سماعت جاری ہے جس سے عوام کو فوری اور مفت انصاف ان کی دہلیز پر ملنا شروع ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی محتسب ریجنل آفس کی سینئر ایڈوائزر فرزانہ جبیں نے کیا وہ ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں درخواستوں کی سماعت کے موقع پر گفتگو کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ قرب و جوار میں رہائش پذیر متاثرہ افراد بجلی، گیس اور پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کے بارے میں محتسب عدالت سے رجوع کریں اور فوری انصاف اپنی دہلیز پر حاصل کریں۔ وفاقی محتسب ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہا کہ عوام بغیر کسی وکیل اور بغیر کسی فیس کے اپنی شکایات وفاقی محتسب کے زونل آفس میں جمع کرواکر رجسٹریشن کروائیں تاکہ انہیں جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہوں نے اس موقع پر کے الیکٹرک کے خلاف زائد بلنگ سے متعلق عباس خان کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے بل میں درج زائد رقم کی کٹوتی کرکے زائد بلنگ کا خاتمہ کردیا جس پر درخواست گذار نے انتہائی مسّرت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی محتسب کے ادارے کو غریب عوام کے لئے مسیحا قراردیا علاوہ ازیں محتسب عدالت نے پاسپورٹ کے حصول میں رکاوٹ پر محکمہ پاسپورٹ کے متعلقہ افسر کو نوٹس جاری کردیا۔