اخروٹ کا زیادہ استعمال وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے‘ تحقیق

جمعرات 11 فروری 2016 14:26

اخروٹ کا زیادہ استعمال وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے‘ تحقیق

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) ماہرین کا کہنا ہے کہ موٹاپے کا شکار افراد اخروٹ کے تیل والی غذائیں استعمال کریں، اس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔کیلیفورنیا یونیورسٹی اور سان ڈیاگو اسکول آف میڈیسین کی مشترکہ تحقیق کے مطابق اخروٹ اور زیتون کے تیل سے بھرپور غذا جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اخروٹ میں ایسے اجزاء بھی موجود ہیں جو کولیسٹرول لیول کو کم رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔محققین نے نتائج کو حیران قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کا استعمال موٹاپے سے بچا کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اخروٹ میں چربی کی مقدار کافی ہوتی ہے مگر اس کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کے لیے اسی طرح فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جیسے کم چربی والی غذا۔

(جاری ہے)

اس تحقیق کے دوران 22سے 72سال کے 245موٹاپے کے شکار مرد و خواتین کا جائزہ ایک سال تک لیا گیا اور 3غذاؤں کے ذریعے انہیں گروپس میں تقسیم کرکے ان کے جسمانی وزن پر مرتب ہونے والے اثرات کو دیکھا گیا۔6ماہ بعد معلوم ہوا کہ جن خواتین نے اخروٹ سے بھرپور غذا کا استعمال کیا ان میں دیگر گروپس کے مقابلے میں جسمانی وزن میں زیادہ کمی دیکھی گئی جبکہ ان کا کولیسٹرول لیول بھی کم ہوا۔