مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرکے چالان مقدمات بروقت عدالتوں میں بھیجیں‘ڈی پی او سرگودھا کی ایس ایچ اوز کو ہدایت

جمعرات 11 فروری 2016 12:36

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء )ڈی پی او سرگودھا نے سٹی سرکل کے ایس ایچ او ز کے ساتھ ماہانہ میٹنگ میں ہدایت کی کہ مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرکے چالان مقدمات بروقت عدالتوں میں بھیجیں۔ مجرمان اشتہاریوں ، عدالتی مفروران اور جرائم پیشہ افراد پر آہنی ہاتھ ڈالیں۔ سرگودھا کوکرائم فری علاقہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں ۔

لوگوں کو انصاف دیں مظلوم کی دادرسی کریں ۔ ناقص کارکردگی کی صورت میں کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔ ایس ایچ اوز تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اقدامات کی چیکنگ اور نگرانی کے ساتھ ساتھ جرائم کی بیخ کنی اور سراغ براری پر زور دیں ۔ ڈی پی او سرگودھا کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج نے سٹی سرکل کی کرائم میٹنگ کے دوران ایس ایچ اوز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ایس ایچ او کینٹ انسپکٹر اویس احمد کو ناقص کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کیا جبکہ دیگر ایس ایچ اوز کو کارکردگی مزید بہتر بنانے پرزور دیا ڈی پی او سرگودھا نے مزید کہاکہ پنجاب میں نافذ العمل نئے ترمیمی آرڈیننس جن میں ترمیمی اسلحہ آرڈیننس ، نمائش اسلحہ ، حساس مقامات کی سیکیورٹی ، عارضی کرایہ داران / رہائش پذیران آرڈیننس ، ساؤنڈ سسٹم آرڈیننس جو کہ نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں ان پر ہر ایس ایچ او سنجیدگی سے زیادہ سے زیادہ کارروائی کرے ۔

(جاری ہے)

رسہ گیروں، منشیات فروشوں ، سابقہ ریکارڈروں ، سارقان مویشی کیخلاف بلاشرکت غیرے کارروائی کریں تاکہ سرگودھا جرائم سے پاک ہوکر امن کا گہوارہ بنے۔ قانون کی بالادستی کو قائم کرنے کے لیے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں اورتمام مقدمات کو میرٹ پر یکسو کریں ۔بددیانتی اور کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔سستی اور غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی ہو گی ۔