سرگودھا سے شالیمار ایکسپریس کے اجراء کیلئے باقاعدہ طور پر اقدامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی گئی

جمعرات 11 فروری 2016 12:36

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء ) سرگودھا سے شالیمار ایکسپریس کے اجراء کیلئے باقاعدہ طور پر اقدامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی گئی ہے اور اس سلسلہ میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس راولپنڈی کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سرگودھا سے کراچی کیلئے شالیمار ایکسپریس ٹرین کے اجراء کیلئے مفصل رپورٹ تیار کرکے وزارت ریلوے کو روانہ کریں اس سلسلہ میں جلد ہی وزارت ریلوے کا ایک وفد بھی سرگودھا کا دورہ کریگا اور یہاں سے کراچی اور دیگر اضلاع کو جانیوالے مسافروں کی تعداد اور آمدن کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد رپورٹ تیار کرکے وزارت ریلوے کو روانہ کریگا ریلوے ذرائع کے مطابق سرگودھا سے کراچی کیلئے 5 بوگیوں پر مشتمل ٹرین کو روانہ کیا جائیگا جو مختلف اضلاع سے ہوتی ہوئی خانیوال کے مقام پر دوسری ٹرین سے مل جائیگی۔