کراچی:مختلف علاقوں میں کارروائی، 7 مشتبہ افراد گرفتا ر

جمعرات 11 فروری 2016 12:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے گل محمد لین میں رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 3 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے لیاری گینگ وار کے مطلوب ملزمان کی تلاش میں سبزی منڈی میں کارروائی کی۔کارروائی کے دوران دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایک اور کارروائی کے دوران فقیر کالونی سے مبینہ طور پر لیاری گینگ وار کے دو ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سے مقابلے کے دوران دو ڈاکو مارے گئے۔ ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان کے مطابق ہلاک ملزمان بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شیر شاہ میں پولیس نے کارروائی کرکے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان گودام کے منشی اور مینجر ہیں ، ملزمان چوری کا سامان خریدتے تھے۔ بوٹ بیسن پولیس نے شیریں جناح کالونی میں چھاپہ مار کر تین منشیات فروش گرفتار کرلئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے منشیات برآمد کرلی گئی ہے