اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ

جمعرات 11 فروری 2016 11:21

اسلام آباد /مظفرآباد /پشاور/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء ) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ، کشمیر، مری، گلیات، کالام، مالم جبہ اور دیر میں پہاڑوں پر برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی ، گلیات میں متعدد سڑکیں بند ہونے سے کئی سیاح اور مقامی لوگ راستے میں پھنس گئے،تولی پیر لسڈھنہ ، سدھن گلی ، پیر چناسی ، نیلہ بٹ میں ڈیڑھ فٹ برف پڑ گئی ، ٹھنڈیانی کے راستے بھی برف سے ڈھک گئے ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ پیدا ہوگیا ، مظفرآباد ، ضلع پونچھ ، باغ ، حویلی ، ہٹیاں اور ضلع نیلم کی اکثر شاہراہیں برف باری کی وجہ سے بند ہو گئیں ، ملگجی روشنیاں ، دھواں دھواں ، یخ بستہ موسم ، مری میں آسمان سے روئی کی طرح گرتے ہوئے برف کے گالوں نے ہر منظر چاندی میں نہلا دیا، برفانی دوشالے میں لپٹا ملکہ کوہسار کا ملکوتی حسن ، سبز ڈھلوانوں پر بکھری دودھیا چادر برف سے لدی درختوں کی شاخیں ہر منظر قدرت کا حسین شاہکار نظر آنے لگا۔

(جاری ہے)

موسم کی تازہ ترین صورتِ حال کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، چترال،سوات، کوہستان، شانگلا، بونیر، مانسہرہ، ایپٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ،دیر،سیدو شریف، گوپس،اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم کے اضلاع میں بارش جبکہ کشمیر، مری، گلیات، کالام، مالم جبہ اور دیر میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہی۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخواہ (مالاکنڈ، ہزارہ، مردان ڈویژن)، بالائی پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن)، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب،اسلام آباد، بالائی ?فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔خیبر پختو نخواہ(دیر98، سیدوشریف50، مالم جبہ، رسالپور47،لوئیر دیر39، پٹن26، پشاور(سٹی)24،کاکول21،پارہ چنار، کوہاٹ20، بالاکوٹ19، دروش17،کالام16،چراٹ15،میرکھانی11، چترال12)، پنجاب (اسلام آباد(سیدپور 37،زیروپوائنٹ36،گولڑہ26، بوکڑہ25)راولپنڈی(چکلالہ34، شمس آباد30)مری17،جہلم،منگلا 10،سیالکوٹ(ائیرپورٹ)07،میانوالی،سیالکوٹ(کینٹ)05،گوجرانوالہ03،منڈی بہاوٴالدین01)، کشمیر(مظفرآباد31،گڑھی دوپٹہ20، راولاکوٹ19، کوٹلی میں 13 ملی میٹر بارش جبکہ مالم جبہ 02فٹ، مری گلیات ، کالام، کاغان، ناران ، دیر میں01 فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ ریکارڈ کیے گئے نقطہ انجماد سے کم درجہ حرارت پاراچنار، کوئٹہ منفی 04، گوپس، مری، دالبندین،کالام منفی 03، قلات، دیر، مالم جبہ ، دروش، نوکنڈی منفی 02ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ ملکہ کوہسار مری نے ایک بار پھر برف کا دوشالہ اوڑھ لیا ، آسمان سے گرتے برف کے گالوں نے ہر منظر سفید کردیا۔

مظفرآباد ، ضلع پونچھ ، باغ ، حویلی ، ہٹیاں اور ضلع نیلم کی اکثر شاہراہیں برف باری کی وجہ سے بند ہو گئیں ، ملگجی روشنیاں ، دھواں دھواں ، یخ بستہ موسم ، مری میں آسمان سے روئی کی طرح گرتے ہوئے برف کے گالوں نے ہر منظر چاندی میں نہلا دیا۔ برفانی دوشالے میں لپٹا ملکہ کوہسار کا ملکوتی حسن ، سبز ڈھلوانوں پر بکھری دودھیا چادر برف سے لدی درختوں کی شاخیں ہر منظر قدرت کا حسین شاہکار نظر آنے لگا۔

تیز ہواوٴں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ گلیات میں متعدد سڑکیں بند ہونے سے کئی سیاح اور مقامی لوگ راستے میں پھنس گئے۔ مظفرآباد ، اور ایبٹ آباد میں بھی رات سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ تولی پیر لسڈھنہ ، سدھن گلی ، پیر چناسی ، نیلہ بٹ میں ایک سے ڈیڑھ فٹ برف پڑ چکی ہے جبکہ ٹھنڈیانی کے راستے بھی برف سے ڈھک گئے ۔