بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن شہر سے پلاسٹک کے تھیلوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہی ہے،ڈپٹی میئر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن محمدیونس بلوچ

بدھ 10 فروری 2016 22:54

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء ) ڈپٹی میئر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن محمدیونس بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن شہر سے پلاسٹک کے تھیلوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے پلاسٹک کے تھیلوں کا روبار کرنے والوں کی ایسوسی ایشن اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کے تھیلے نکاسی آب کے نظام کو تباہ کردیتے ہیں اور ان کا استعمال مضر صحت بھی قراردیا جاچکا ہے۔

ڈپٹی میئرنے کہا کہ پلاسٹک کے تھیلوں کی جگہ متبادل کے طور پر کاغذ اور کپڑے کے لفافے متعارف کرائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال روکنے کیلئے ضروری قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے فیکٹری مالکان سے 30ایم ایم کے تھیلے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم نے ان کے اس فیصلے کے حوالے سے سفارشات انتظامیہ اور عدالت کو ارسال کردی ہیں۔

ڈپٹی میئر نے دکانداران پر زور دیا کہ وہ خلاف قانون پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال سے اجتناب کریں کیوں کہ غیر معیاری اور غیر تصدیق شدہ پلاسٹک تھیلوں کو بازار میں لانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف افسر عطاء اﷲ بلوچ اے سی سٹی طارق مینگل اے سی صدر منیر موسیانی بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :