پاکستان اور قطر کے وزرائے اعظم نے، دوحہ میں جے ایف17 تھنڈر اور سپر مشاق طیاروں کا فضائی مظاہرہ دیکھا

بدھ 10 فروری 2016 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء ) وزیرِاعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعظم قطر عبداﷲ بن نصیر بن خلیفہ الثانی نے آج دوحہ میں جے ایف 17تھنڈر اور سپر مشاق طیاروں کا فضائی مظاہرہ دیکھا ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اور قطر کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف ،میجر جنرل (پائلٹ) غنیم بن شاہین الغنیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دونوں ممالک کے اعلیٰ حکومتی اور دفاعی عہدیداران نے بھی اس فضائی مظاہرے کو دیکھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ JF-17اور سپر مشاق نے قطر کی فضاؤں میں اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان، نے دونوں معزز شخصیات کوJF-17کی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں معزز رہنماؤں نے پی اے ایف کے طیاروں کی کارکردگی کو سراہا اور بعد میں پاک فضائیہ کے عملے سے ملاقات بھی کی۔

(جاری ہے)

اس دورے کو یاد گار بنانے کے لئے پاک فضائیہ کے دو JF-17 Thundersاور دو Super Mushshak طیارے 07فروری سے سٹیٹک اور فضائی مظاہرے کے لئے قطر میں موجود ہیں۔ وزیرِاعظم پاکستان محمد نواز شریف ایک اعلیٰ رکنی وفد کے ساتھ قطر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ JF-17تھنڈر پاکستان اور چین کی مشترکہ کاوش ہے۔ JF-17 تھنڈر ایک بہترین اور ہمہ جہت کم وزن جنگی جہاز ہے ۔ یہ طیارہ جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں ، بمبوں ، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر اور اینٹی شپ میزائل سے لیس ہے۔

سپر مشاق مکمل طور پر پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار کیا جاتا ہے اور اپنے دوست ممالک کو بر آمد بھی کیا جاتا ہے۔ یہ فضائی قوتیں نہ صرف اس ٹرینر طیارے کو تربیت کے لیے استعمال کر رہی ہیں بلکہ انکا زمینی اور فضائی عملہ پاکستان سے اسکی تربیت بھی حاصل کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :