معروف ادیبہ اور ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیا86 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

صدر ، وزیراعظم ، وفاقی وزراء ، وزیر اعلیٰ پنجاب ،گورنر وزیر اعلیٰ سندھ دیگر سیاسی و فن ،شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا اظہار افسوس

بدھ 10 فروری 2016 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) معروف ادیبہ اور ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیا86 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، وہ طویل عرصے سے علیل تھیں،صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزراء پرویز رشید، اسحاق ڈار ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،گورنر سندھ عشرت العباد ،وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور دیگر سیاسی و فن ،شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ثریا آپ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیاہے ۔

بدھ کو معروف ادیبہ اور ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیا انتقال کر گئیں، ان کی عمر 86 برس تھی، انہیں بجیا آپا کہہ کر پکارا جاتا تھا، فاطمہ ثریا بجیا یکم ستمبر 1930 کو بھارتی شہر حیدر آباد میں پیدا ہوئیں اور وہ تقسیم ہند کے فوراً بعد خاندان کے ہمراہ پاکستان آ گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیلی ویژن کے علاوہ ریڈیو اور سٹیج پر بھی کام کیا، فاطمہ ثریا بجیا1960ء میں پی ٹی وی سے منسلک ہوئیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں لاتعداد قومی اور عالمی ایوارڈز حاصل کئے،جاپان حکومت کی طرف سے اس کے فن کے اعتراف میں اعلیٰ سول ایوارڈ بھی دیا گیا۔فاطمہ ثریا بجیا معروف دانشور، مصنف اور میزبان انور مقصود اور زبیدہ آپا کی بہن تھیں، ان کے مشور ڈراموں میں شمع، افشاں، عروسہ اور انا شامل ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق فاطمہ ثریا بجیا طویل عرصے سے علیل تھی اور اب ان کی حالت بہت خراب ہو گئی تھی، آخری لمحات میں انہوں نے ملاقات کرنے والوں سے دعا کی اپیلیں کیں۔

صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزراء پرویز رشید، اسحاق ڈار ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،گورنر سندھ عشرت العباد ،وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور دیگر سیاسی و فن ،شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ثریا آپ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ فاطمہ ثریا بجیا کے انتقال سے ادبی حلقے میں بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے جو شاید ہی پر ہو سکے، وزیراعظم کے ادبی و قومی وزیر کے مشیرعرفان صدیقی نے بھی فاطمہ ثریا بجیا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔(اح+ن ق)