چکوال، سٹی سکول ہنگامی سائرن سے گونج اُٹھا،علاقے میں خوف و ہراس

بدھ 10 فروری 2016 22:14

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) دی سٹی سکول نزد مرید بیس چکوال ہنگامی سائرن سے گونج اُٹھا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سول ڈیفنس چکوال کے زیر اہتمام ہونے والی ہنگامی مشق کے دوران سکول ہنگامی سائرن اور دھماکوں کی زور دار آواز سے گونج اُٹھا ۔ ہنگامی مشق کے دوران محکمہ سول ڈیفنس چکوال ، ریسکیو 1122 اور سٹی سکول کے طلباء و طالبات نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ ایلیٹ فورس چکوال نے ہنگامی حالات میں کام کرنے کی عملی مشق کی اور دہشت گردی کے خلاف اپنی تربیت کو مزید مؤثر بنایا ۔

اس ہنگامی مشق کے دوران فائر بریگیڈئر اور ریسکیو 1122نے آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ کیا ۔ تنظیم شہری دفاع نے محمداقبال چیف انسٹرکٹر کی زیر نگرانی مریضوں کوچیئرناٹ کے ذریعے چھت سے اُتاراجبکہ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکواڈ نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنایا۔

(جاری ہے)

تمام محکموں پولیس ، ایلیٹ ،بم ڈسپوزل ، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122،ٹریفک پولیس، محکمہ ہیلتھ ، سوئی گیس ، واپڈانے ہنگامی مشق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کے دوران طالب حسین ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس چکوال نے تمام محکموں کو ہنگامی طور پر کال کیا اور تمام محکموں نے کوئیک ایمرجنسی ریسپانس دیا ۔ طالب حسین ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس نے سکول انتظامیہ کو بتایا کہ اس ہنگامی مشق کا مقصد تمام محکموں کی کارکردگی کو جانچنا ہے اور اُنہیں اس قابل بنانا ہے کہ اگر خدانخواستہ اے پلس کیٹگری کے کسی بھی سکول میں کسی بھی قسم کی ایمرجنسی ہوجاتی ہے تو اُس ایمرجنسی کے دوران تمام محکموں نے کس طرح کام کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ایمرجنسی ماک ایکسرسائزز کی بدولت ہم اس قابل ہوگئے ہیں کہ اب دُشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہیں اور انشاء اﷲ ہم اپنے چھپے ہوئے دُشمن کو شکست دے کر رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :