’’شہباز شریف صحافی دوست وزیر اعلی ‘‘

شہباز شریف کی خوشگوار موڈ میں ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو

بدھ 10 فروری 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں انتہائی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے اورانہوں نے صحافی برادری سے خطاب کے دوران ہلکے پھلکے انداز میں بھی گفتگو کی - وزیر اعلی نے ایک موقع پر کہا کہ لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں نے مجھے صحافی دوست وزیر اعلی قرار دیا ہے -میں توآپ کا دوست ہوں لیکن صحافی بھی میرے دوست بن جائیں کیونکہ یکطرفہ ٹریفک کی بجائے دو طرفہ ٹریفک زیادہ بہترانداز میں چلتی ہے- ایک اور موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ آج میرے ہم نام صدر پریس کلب کے لئے جتنی تالیاں بجائی گئی ہیں یقینا ان کے ووٹر زاور سپورٹرز ہیں اور انہیں آپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں جس پر صحافیوں نے کہا کہ ہم آپ سے بھی ہمیشہ اچھی امیدیں وابستہ رکھتے ہیں اور آپ نے کبھی ہمیں مایوس نہیں کیا- وزیر اعلی نے نو منتخب صدر ، سیکرٹری اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ووٹ ہی ہے جس کے ذریعے حکومتیں بھی آتی او رجاتی ہیں اور آپ بھی ووٹ کی طاقت سے ہی منتخب ہوئے ہیں - صدر لاہور پریس کلب محمد شہباز میاں نے شہباز شریف کو صحافی دوست وزیر اعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ جس کام کی ٹھان لیں وہ مکمل کر کے چھوڑتے ہیں اور ہمارے سامنے اس کی مثال میٹروبس پراجیکٹس کی صورت میں ہے- اسی طرح آپ میٹروٹرین کے منصوبے کے لئے بھی محنت کر رہے ہیں -

متعلقہ عنوان :