وزیر اعلی سے سمن آباد میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے دو بھائیوں کے ورثاء کی ملاقات

آپ کے لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور دلاؤں گا ،واقعہ کی تحقیقات سو فیصد میرٹ پر ہو گی ، ملزمان قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے، علاج معالجہ یا ریسکیو1122کی فراہمی میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی ‘وزیر اعلی پنجاب

بدھ 10 فروری 2016 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے سمن آباد میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے دوبھائیوں کے ورثاء نے ملاقات کی -جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے والد شرافت علی نے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے ورثاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ ا ور افسوس ہوا ہے اور آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں -میں آپ کے بچے تو واپس نہیں لا سکتا لیکن آپ کو انصاف ضرور دلاؤں گا اور اس ضمن میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے - واقعہ کی تحقیقات سو فیصد میرٹ پر ہو گی اور میں ذاتی نگرانی میں تحقیقات کراکر آپ کو انصاف دلاؤں گا- ملزمان قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے-انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے انشاء اﷲ ہر قیمت پر انصاف دلاؤں گا اور مقدمے کی مکمل پیروی کی جائے گی- وزیر اعلی نے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ علاج معالجہ یا ریسکیو1122 کی فراہمی میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی - جس کے بچے بچھڑ جائیں اس کا غم وہ ہی جانتا ہے - وزیراعلی نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ آپ پر ظلم ہوا ہے ، ہر قیمت پر آپ کی داد رسی کی جائے گی- اس موقع پر جاں بحق ہونے والے دو نوں بھائیوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی-مقتول بھائیوں کے والد شرافت علی نے کہا کہ پولیس نے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے لیکن ہسپتال والوں نے ہماری کوئی مدد نہیں کی-دادا لیاقت علی نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہیے اور ہمیں یقین ہے شہباز شریف کے ہوتے ہوئے انصاف ضرور ملے گا - صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشن اور متعلقہ پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے-

متعلقہ عنوان :