خواجہ سلمان رفیق کی تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹ رادھاکشن کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت

ڈائیگناسٹک سینٹر میانوالی میں مسنگ سہولیات پوری کی جائیں گی‘مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت کا اجلاس سے خطاب

بدھ 10 فروری 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ 60 بستروں پر مشتمل تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹ رادھاکشن قصورکو ٹائم لائن کے مطابق مارچ2016 تک مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوامی فلاحی منصوبے سے جلد از جلد عوام استفادہ کر سکیں۔انہوں نے یہ بات اسمبلی چیمبر میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹ رادھاکشن کے تعمیری کا کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان،ایڈیشنل سیکرٹری(ایڈمن) ڈاکٹر عدنان ظفر،سینئر پلاننگ آفیسر رانا مشتاق،ای ڈی او ہیلتھ قصور ڈاکٹر مسعود طارق،قصور سے رکن پنجاب اسمبلی انیس قریشی اور محکمہ مواصلات وتعمیرات کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوٹ رادھا کشن کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور اس منصوبے پر اب تک 81 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ مزید 12 ملین روپے درکار ہیں۔

مشیر صحت نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان کو ہدایت کی کہ منصوبہ کی تکمیل کے لئے مزید12 ملین روپے فراہم کئے جائیں تاکہ یہ ہسپتال مارچ تک مکمل کیا جا سکے۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھا کشن کے منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے مزید12 ملین روپے کی فراہمی کا بندوبست کیا جارہا ہے اور انشاء اﷲ مذکورہ ہسپتال کی تعمیر بروقت مکمل کر لی جائے گی۔

دریں اثناء مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میانوالی کے انتظامی مسائل اور میانوالی میں تعمیرکئے گئے ڈائیگناسٹک سینٹر میں مسنگ سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے اسمبلی چیمبر میں اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں میانوالی سے رکن پنجاب اسمبلی انعام اﷲ خان نیازی ،علی نور نیازی ایم پی اے،ڈی سی او میانوالی طلعت گوندل،سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان،ایڈیشنل سیکرٹری عدنان ظفر،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد نذیر اور سینئر پلاننگ آفیسر رانا مشتاق نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ مسنگ سہولیات کے لئے ایک ایڈیشنل ڈویلپمنٹ سکیم تیار کرکے جلد از جلد منظوری کے لئے ارسال کر دیں تاکہ مذکورہ سہولیات کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ڈائگناسٹک سینٹر میں مسنگ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے -

متعلقہ عنوان :