دہشت گرد معصوم پاکستانیوں کو شہید کر کے بزدلانہ کاروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے‘ڈاکٹرحیدر اشرف

لاہور پولیس کے تمام زخمی اور معذور اہلکاروں کوانعام اور طبی معالجہ کے اخراجات کے کیسز منظور کروا کر انہیں جلد از جلد رقم کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ‘ڈی آئی جی آپریشنز

بدھ 10 فروری 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ بم دھماکوں ، پولیس مقابلوں اور شہر کے باسیوں کے جان ومال کے دشمنوں سے مڈھ بھیڑ کے دوران ان سماج دشمن کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاراس ملک و قوم کے ہیرو اور غازی ہیں، دہشت گرد معصوم پاکستانیوں کو شہید کر کے بزدلانہ کاروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہر میں بم دھماکوں، پولیس مقابلوں اور خطر ناک اشتہاریوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی اورمعذور ہونے والے سو سے زائد اہلکاروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ پولیس کے زخمی ہونے والے افسران اور اہلکاروں میں سے کسی نے بھی پیٹھ پر گولی نہیں کھائی بلکہ دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سینوں پر گولی کھا کر ثابت کر دیا کہ عوام کی جان ومال کے اصل محافظ ہم ہیں اور ملک وقوم کے دشمن جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے اپنی آنکھیں، ٹانگیں اور ہاتھ و بازو گنوانے والے محکمہ پولیس کے سپوتوں اور قوم کے بیٹوں کو جتنا بھی خراجِ تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسران کی اولین ترجیح شہیدوں کے اہلخانہ اور زخمی و معذور غازیوں کی فلاح وبہبود ہے۔ شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں قائم پولیس چوکیوں کے انچارج صاحبان کو سختی سے احکامات جاری کیئے گئے ہیں کہ ہسپتال میں آنے والے اہلکاروں کا طبی معائنہ و علاج ترجیحی بنیادوں پر کروائیں۔ ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ لاہور پولیس کے تمام زخمی اور معذور اہلکاروں کوانعام اور طبی معالجہ کے اخراجات کے کیسز منظور کروا کر انہیں جلد از جلد رقم کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے میرے دفتر میں ایک ویلفیئر آفیسر مقرر کردیا گیا ہے جو تمام زخمیوں کے علاج ومعالجے کے کیسز تیار کر کے آئی جی آفس فارورڈ کروانے کا ذمہ دار ہوگا۔

دو بار زخمی ہونے والے اہلکارفہد کیلئے سی سی ون سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کیلئے کیس آئی جی آفس بھجوایا جائے گا۔آپ لوگ قوم کے ہیرو ہیں جن پر محکمہ پولیس کو بھی ناز ہے اور آپ کے حقوق کیلئے زیادہ سے زیادہ جو بھی ممکن ہوا کیا جائے گا ڈی آئی جی نے کہا کہ زخمیوں کے ساتھ ہر ہفتے پولیس لائن میں ملاقات ہوا کرے گی جس میں زخمیوں کے کیسز کی پروگریس کا جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :